لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ڈمپل کوئین ہانیہ عامر نے بھی ان دنوں ذہنی تناؤ سے گزرنے کا اعتراف کیا ہے۔
حال ہی میں اداکارہ ہانیہ عامر نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک تصویر کے ساتھ طویل کیپشن لکھا جس میں انہوں نے ذہنی تناؤ سے گزرنے کا اعتراف کیا۔
شیئر کردہ طویل نوٹ میں ہانیہ نے لکھا کہ "ان دنوں میں اچھا محسوس نہیں کر رہی، کچھ عرصے سے طبیعت ٹھیک نہیں ہے، کچھ دن مصروفیت میں اچھے گزر جاتے ہیں اور پھر وہی اداسی کے سائے، اگرچہ میں ان حالات سے ذاتی طور پر نمٹ سکتی ہوں لیکن مجھے ایسا لگتا ہے کہ اسے آپ کے ساتھ شیئر کرنا ضروری ہے"۔
ان کا کہنا تھا کہ "میرے حوالے سے فکر کی کوئی بات نہیں،میں صحت کی بہتری کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہوں،میں صرف آپ کو یہ بتانا چاہتی تھی کہ گھبرائیں مت اور پریشان و غمگین مت ہوں اگر آج آپ کے برے دن ہیں تو یہ کل بہترین ہوجائیں گے"۔
ہانیہ نے لکھا کہ "میں جانتی ہوں اور یہ سمجھ سکتی ہوں کہ کبھی کبھی انسان بالکل مایوس ہوجاتا ہے ، ایسا محسوس ہونے لگتا ہے کہ زندگی میں صرف اندھیرا ہے مگر صرف آپ خود اپنے آپ کو اس مایوسی سے نکال سکتے ہیں، خود کو خوش رکھیں"۔
انہوں نے لکھا کہ "اس بات کو سمجھیں کہ اس سلسلے میں آپ کو کسی سے بات کرنے اور کسی کی مدد لینے کی ضرورت ہے، اپنے آس پاس کے لوگوں سے مدد طلب کریں اور کسی پیشہ ور معالج سے رابطہ کریں،دماغی صحت کے بارے میں بات کرنے یا مدد مانگنے میں کوئی شرم محسوس نہ کریں"۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ "مجھے یقین ہے میری طرح آپ میں سے کئی لوگ اس سے گزر رہے ہوں گے، یہ میرا تجربہ رہا ہے کہ جب آپ خود سے محبت کرکے اپنا خیال رکھنا شروع کردیتے ہیں تو حالات معمول پر آجاتے ہیں اور چیزیں ٹھیک ہوجاتی ہیں"۔
ہانیہ نے ذہنی صحت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مداحوں کو تاکید کرتے ہوئے کہاکہ "یاد رکھیں!دماغی صحت بھی اتنی ہی اہم ہے جتنی کہ جسمانی صحت اور اس پر بحث کرنا طاقت کی علامت ہے کمزوری نہیں، جب آپ کو ضرورت ہو تو براہ کرم مدد طلب کریں، آپ اس میں اکیلے نہیں ہیں"۔