ممبئی: (ویب ڈیسک) نامور بھارتی فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کی ایکشن اور ڈرامے سے بھرپور ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ نیٹ فلکس پر ریلیز کردی گئی۔
نیٹ فلکس کیلئے بھنسالی کی بنائی گئی ڈیبیو ویب سیریز یکم مئی کو ریلیز ہوئی اور مداح اس کا بے تابی سے انتظار کررہے تھے۔
ویب سیریز میں تقسیم برصغیر سے قبل زمانے کی منظر کشی کی گئی ہے جس میں طوائفوں کا ایک کوٹھا آزادی کی جنگ میں شامل ہوجاتا ہے۔
سنجے لیلا بھنسالی کے مطابق ’ہیرا منڈی‘ محبت، طاقت، آزادی اور ایسی خواتین کی کہانی ہے جو اپنی خواہشات اور جدوجہد کیلئے منفرد کردار میں نظر آتی ہیں۔
ویب سیریز کے ٹریلر میں آزادی سے پہلے درباریوں کی زندگیوں میں محبت اور دھوکہ دہی کی کہانی کو شاندار انداز میں دکھایا گیا ہے۔
’ہیرا منڈی‘ کی کہانی کو 1940 کے دور میں سیٹ کیا گیا ہے اور اس میں دربار والوں اور طوائفوں کے درمیان تعلقات پر کہانی کی بنیاد رکھی گئی ہے۔
ویب سیریز کی میگا کاسٹ میں سوناکشی سنہا، منیشا کوئرالہ، ادیتیہ راؤ حیدری، رچا چڈا، سنجیدا شیخ اور دیگر شامل ہیں۔