لاہور:(ویب ڈیسک ) کامیڈین گلوکار چاہت فتح علی خان اور ماڈل وجدان کے ’بدو بدی‘ کو متعدد یوٹیوب چینلز سے ڈیلیٹ کردیا گیا۔
’بدو بدی‘ کو چاہت فتح علی خان نے ماڈل وجدان راؤ کے ساتھ ریلیز کیا تھا اور گانے کی ویڈیو کو گلوکار نے اپنے یوٹیوب چینل پر بھی اپ لوڈ کیا تھا جب کہ اسے بھارتی میوزک یوٹیوب چینلز پر بھی ریلیز کیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود گانا ’وائٹل میوزک‘ چینل پر موجود ہے، جہاں سے لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔
گانے کو چاہت فتح علی خان کے یوٹیوب چینل پر دو کروڑ 80 لاکھ بار یعنی 28 ملین تک دیکھا گیا تھا لیکن وہاں سے ’بدو بدی‘ کو ڈیلیٹ کردیا گیا،چاہت فتح علی خان کے یوٹیوب چینل پر نوٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ بدو بدی کو ملکہ ترنم نورجہاں کی جانب سے کاپی رائٹس کی شکایت کے بعد ہٹایا گیا۔
اگرچہ چاہت فتح علی خان کے گانے ’بدو بدی‘ کی شاعری ملکہ ترنم نورجہاں کی جانب سے ماضی میں گائے گئے گانے سے لی گئی تھی، تاہم کامیڈین گلوکار نے اسے اپنے نئے انداز میں گایا تھا، ’بدو بدی‘ نہ صرف یوٹیوب بلکہ ٹک ٹاک اور انسٹاگرام سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی مقبول ہوا تھا اور گلوکاروں نے بھی اسے گاکر ویڈیوز شیئر کی تھیں۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’بدو بدی‘ کو چاہت فتح علی خان کے یوٹیوب چینل سمیت دیگر یوٹیوب چینلز سے کس کاپی رائٹ کے تحت ہٹایا گیا، تاہم گانا اب بھی یوٹیوب چینلز پر دستیاب ہے۔