سردار کمال کی وفات بہت بڑا نقصان ہے، عمران اشرف سمیت فنکاروں کا اظہار افسوس

Published On 31 July,2024 03:18 am

لاہور: (دنیا نیوز) دنیا نیوز کے پروگرام مذاق رات کی ٹیم کے اہم رکن اور معروف کامیڈین سردار کمال دل کا دورہ پڑنے سے وفات پائے گئے، لیجنڈ کامیڈین کے اچانک انتقال پر فنکاروں نے انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پروگرام مذاق رات کے میزبان اور اداکار عمران اشرف نے سردار کمال کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے پاس کہنے کو الفاظ ہیں اور نہ میرا اس وقت خود پر قابو ہے کیونکہ بڑے سالوں بعد مجھے کوئی ایسا دوست ملا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: معروف کامیڈین سردار کمال دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

عمران اشرف نے مزید کہا ہے کہ ملک نے ایک بہت بڑا فنکار اور کامیڈین کھویا ہے، یہ میں جانتا ہوں ہم نے کیا کھویا ہے، سردار کمال نے ہمیشہ مجھے کہا کہ عمران میں تمہیں گرنے نہیں دوں گا، میں اور سردار صاحب نے ملک سے باہر جانا تھا، وہ جاتے ہوئے کام ختم کر گئے ہیں۔

اداکار اور میزبان عمران اشرف نے کہا ہے کہ میں نے بہت بڑے بڑے نقصان اٹھائے ہیں لیکن سردار کمال کی اچانک وفات بہت بڑا نقصان ہے جو کبھی پورا نہیں ہو گا، ان کے بغیر ہمارا پروگرام ادھورا ہو گیا ہے، وہ بہت ہی اچھے انسان اور ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں رہتے تھے۔

سردار کمال نفیس اور پیار کرنے والے انسان تھے: اداکار افضل خان

اداکار افضل خان (ریمبو) نے بھی سردار کمال کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے ساتھ فنکار سے پہلے بھائیوں اور دوستوں والا تعلق تھا، میں پہلی فلم سے لے کر آخری شو تک ان کیساتھ رہا، بڑے نفیس اور پیار کرنے والے انسان تھے، 1991ء سے ہمارا تعلق تھا اس دوران آج تک انہوں نے کبھی اونچی آواز میں بات نہیں کی، اللہ تعالیٰ ان کی اگلی منزلیں آسان کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

دو دن پہلے ہماری ریکارڈنگ ختم ہوئی اور آج سردار صاحب ہم میں نہیں: ہنی البیلا

پروگرام مذاق رات کی ٹیم کے رکن اداکار ہنی البیلا نے کہا کہ سردار کمال کی اچانک موت کا بہت زیادہ دکھ ہے، مجھ سے بات نہیں ہو پا رہی، ہمیں تو ابھی تک سمجھ نہیں آ رہا کہ یہ کیا ہوا ہے، دو دن پہلے ہی ہماری ریکارڈنگ ختم ہوئی اور آج سردار صاحب ہم میں نہیں ہیں۔

کامیڈین ہنی البیلا نے مزید کہا کہ جو آیا اس نے جانا ہے لیکن کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جن کی شخصیت زندہ رہتی ہے، وہ بڑے خوش مزاج آدمی اور ہر دلعزیز تھے، ان سے کبھی کسی کو کوئی گلہ نہیں ہوا، وہ باکمال فنکار تھے، ہم ان کو بہت زیادہ مس کر رہے ہیں، اللہ پاک ان کو جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے۔

سرکار کمال کے اچانک چلے جانے سے دل بیٹھ گیا ہے: افتخار ٹھاکر

اداکار افتخار ٹھاکر نے کہا کہ سردار کمال کی موت انتہائی دکھ کی گھڑی ہے کیونکہ وہ صرف فنکار ہی نہیں بلکہ استاد بھی تھے ہم نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے، انتہائی پرخلوص انسان اور دوسروں کا خیال رکھتے تھے، اگر ہمارے درمیان جھگڑا ہو جاتا تو صلح کیلئے دن رات ایک کر دیتے تھے۔

کامیڈین نے مزید کہا کہ سردار کمال فلم، ٹیلی ویژن اور تھیٹر کے حوالے سے میرے پسندیدہ فنکار تھے، ایسا کوئی شعبہ نہیں جس میں انہوں نے کام نہیں کیا، ان کے اچانک چلے جانے سے بہت تکلیف ہوئی اور دل بیٹھ گیا ہے، اللہ پاک ان کو جنت الفردوس میں جگہ اور گھر والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

سردار کمال کو دیکھ کر ہی کام شروع کیا، وہ میرے استاد تھے: نسیم وکی

کامیڈین نسیم وکی نے کہا کہ سردار کمال صرف فنکار نہیں بلکہ ہمارا بڑا بھائی اور استاد تھا، ان کا جانا برداشت نہیں ہو رہا کہ لوگ اس طرح بھی چھوڑ جاتے ہیں، وہ بڑا فنکار، انسان، ہر خوبی کا مالک اور محبت کرنے والا تھا، میری ساری زندگی ان کے ساتھ گزری، میں نے ان کو دیکھ کر ہی کام شروع کیا۔

اداکار نے مزید کہا ہے کہ حال ہی میں سردار کمال سے ملاقات ہوئی ہم نے بہت اچھا دن گزارا، بہت ہنسا کر گئے، میری جب بھی ان سے ملاقات ہوتی تو میں یہی کہتا تھا کبھی ناراض نہ ہوا کریں آپ میرے باپ کی جگہ ہو تو انہوں نے مجھے سینے سے لگا لینا، جب میں شوبز میں آیا تو ان کی خدمت کیا کرتا تھا، اللہ تعالیٰ سردار کمال کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

میں بہت تکلیف میں ہوں: اداکارہ ریشم کا سردار کمال کی وفات پر دکھ کا اظہار

اداکارہ ریشم نے سردار کمال کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مدت کے بعد ان سے مذاق رات کے سیٹ پر ملی تو سردار صاحب کی وجہ سے میرے چہرے پر مسکراہٹ آئی، میں نے صرف مذاق رات میں ہی ان کے ساتھ کام نہیں کیا بلکہ فلموں اور ڈراموں میں بھی بہت کام کیا ہے، وہ ایک بہت ہی باکمال انسان تھے، میں اس وقت بہت تکلیف میں ہوں، اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند کرے۔