لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف ہدایتکار سید نور نے مقبول پاکستانی فلم سٹار ریشم کے الزامات پر خاموشی توڑ دی۔
ہدایتکار سید نور نے حال ہی میں ڈاکٹر عفان قیصر کے پوڈکاسٹ میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے ریشم کے شکوے پر کُھل کر بات کی۔
سید نور نے کہا کہ ریشم ایک قابل اداکارہ ہیں، بدقسمتی سے میں نے اُنہیں فلم انڈسٹری میں متعارف کروایا لیکن وہ مجھے اپنا استاد نہیں مانتیں، وہ مجھے چھوڑ کر ایوب خاور سمیت چند دیگر لوگوں کو اپنا استاد مانتی ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر ریشم مجھے اپنا استاد نہیں مانتیں تو مجھے اُن سے کوئی شکوہ نہیں بلکہ مجھے فخر ہے کہ میں نے ریشم کو فلموں میں متعارف کروایا، اُن کی گرومنگ میں مدد کی۔
ہدایتکار نے کہا کہ میں نے ریشم کی ظاہری شخصیت پر بہت محنت کی، اُنہیں سکھایا کہ کیسے ہیئرسٹائل اور ملبوسات کا انتخاب کرنا چاہیے، میں اتنی مدد کرنے کے باوجود بھی ریشم سے ناراض نہیں ہوں۔
سید نور نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ ریشم اب کیوں کام نہیں کررہی ہیں، یا اُنہیں فلموں میں کیوں کاسٹ نہیں کیا جارہا، میں صرف اپنے بارے میں جانتا ہوں کی فی الحال! میرے پاس ایسا کوئی کردار نہیں ہے جس کے لیے میں ریشم کو اپنی فلم میں کاسٹ کرسکوں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر مستقبل میں میرے پاس ایسا کوئی کردار ہوا جو ریشم کے لیے مناسب ہوا تو میں ضرور اُنہیں کاسٹ کروں گا۔
واضح رہے کہ ریشم نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا تھا کہ سید نور نے میرا کیریئر تباہ کیا، اُنہوں نے فلم کے سیٹ پر میری توہین کی تھی اور کہا تھا کہ تمہیں کون اپنی فلم میں کاسٹ کرے گا۔
ریشم نے کہا تھا کہ سید نور نے میرے پاؤں پر کلہاڑی ماری، صرف وہ ہی میرے مزاج کے ہدایتکار تھے لیکن اُنہوں نے مجھے کام دینا بند کردیا تھا کیونکہ اُنہیں اداکارہ صائمہ جی سے محبت ہوگئی تھی جس کی وجہ سے وہ اپنی ہر فلم میں صرف اُنہیں ہی کاسٹ کرتے تھے۔