لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی میوزک انڈسٹری کی معروف اداکارہ صنم ماروی نے تیسری شادی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی کے تمام دکھوں اور تکالیف کا صلہ نئے شوہر کی صورت میں مل گیا ہے۔
حال ہی میں گلوکارہ صنم ماروی نجی ٹی کے مزاحیہ پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے پروفیشنل اور نجی زندگی سے متعلق کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صنم ماروی نے بتایا کہ میں نے زندگی میں بہت سی تکالیف اور دکھوں کا سامنا کیا ہے لیکن اب خوش ہوں مجھے لگتا ہے کہ میرے تمام غموں کا صلہ مل گیا ہے۔
میزبان نے سوال کیا کہ کس صورت میں صلہ مل گیا؟ جس پر گلوکارہ نے بتایا کہ میرے خاندان والوں میں میری شادی کی ہے، شوہر بہت اچھے ہیں ان کا نام خبیب ہے، اچھے شوہر کی صورت میں تمام غموں کا صلہ ملا، اب میں اپنی زندگی میں بہت خوش ہوں۔
گلوکارہ نے بتایا کہ مجھے پہلے لگتا تھا کہ مرد کبھی وفادار نہیں ہوسکتا لیکن اب لگتا ہے کہ مرد بھی وفادار ہو سکتا ہے۔
خیال رہے کہ گلوکارہ صنم ماروی کے پہلے شوہر آفتاب احمد کو 2009ء میں کراچی میں قتل کر دیا گیا تھا۔
پہلے شوہر کے انتقال کے بعد انہوں نے حامد خان سے شادی کی تھی جو گھریلو تشدد کے سبب 2020ء میں خلع پر ختم ہوئی، ان کے دوسرے شوہر سے ان کے 3 بیٹے بھی ہیں جو اپنے والد کے ساتھ رہتے ہیں۔