سائرہ بانو کا شادی کے 29 سال بعد شوہر اے آر رحمان سے علیحدگی کا اعلان

Published On 20 November,2024 03:16 am

ممبئی: (دنیا نیوز) سائرہ بانو نے شادی کے 29 سال بعد شوہر اے آر رحمان سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق معروف موسیقار اے آر رحمان کی شادی 1995ء میں ہوئی تھی، تاہم شادی کے 29 سال بعد ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے اپنے شوہر سے علیحدگی کا اعلان کیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سائرہ بانو کی وکیل وندنا شاہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ کئی سالوں کی شادی کے بعد سائرہ نے اپنے شوہر اے آر رحمان سے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ ان کے تعلقات میں جذباتی دباؤ کے باعث لیا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ایک دوسرے سے گہری محبت کے باوجود اس رشتے میں پیدا ہونے والے تناؤ اور مشکلات نے ایک ناقابل عبور خلیج پیدا کر دی ہے، جسے اس وقت دونوں فریقین ختم کرنے سے قاصر ہیں۔

سائرہ بانو نے اپنے جذباتی حالات کا ذکر کرتے ہوئے عوام سے رازداری کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ تکلیف اور اذیت کے عالم میں لیا گیا ہے، میں عوام سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ میرے اس مشکل دور میں سمجھداری کا مظاہرہ کریں اور ہمیں سکون سے رہنے دیں۔

دوسری جانب موسیقار اے آر رحمان نے اس اعلان پر فی الحال کوئی بیان جاری نہیں کیا، خیال رہے دونوں کے 3 بچے ہیں۔