لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی’سپر سٹار‘ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ دنیا کا کوئی بھی کامیاب شخص کبھی ’سیلف میڈ‘ ہو ہی نہیں سکتا اور نہ ہی کوئی سیلف میڈ ہوتا ہے۔
آج کل ماہرہ خان کی ’سیلف میڈ‘ اور خاندان و دوستوں کی جانب سے مدد کیے جانے کے معاملے پر بات کرنے کی مختصر ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں انہوں نے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ کی اہمیت پر بات کی۔
اداکارہ سے ایک تقریب کے اختتام پر پوچھا گیا کہ انہوں نے تقریب کے دوران خاندان اور دوستوں کے ساتھ اور تعاون پر بات کی وہ اس حوالے سے مزید اپنے خیالات کا اظہار کریں۔
ماہرہ خان نے سوشل میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تقریب میں بھی یہی کہا کہ ’سیلف میڈ‘ کوئی چیز نہیں ہوتی، یہ لفظ کہنے کو اچھا لگتا ہے لیکن حقیقت کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہی کہا کہ وہ آج جس مقام پر ہیں اپنے والدین کی مدد، بھائی اور بیٹے کے تعاون سمیت دوستوں کی مدد سے یہاں پہنچی ہیں۔
ماہرہ خان کے مطابق وہ جس مقام پر پہنچی ہیں ان میں ان کے دوستوں، ساتھ کام کرنے والے افراد اور ملنے اور بننے والے نئے ساتھیوں کا بھی ہاتھ ہے، ان کا ذاتی خیال ہے کہ ’سیلف میڈ‘ کوئی چیز نہیں ہوتی۔