لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز اڈسٹری کی معروف اداکارہ دانیہ انور نے کہا ہے کہ دوسری شادی کیلئے بیٹی نے بےحد حوصلہ افزائی کی۔
دانیہ انور حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی پہلی شادی، طلاق اور دوسری شادی کے بارے میں کھل کر بات کی۔
اداکارہ دانیہ انور نے بتایا کہ ان کی پہلی شادی 19 سال کی عمر میں ہوئی تھی اور یہ شادی 6 سال تک چلی تاہم ان کے پہلے شوہر نشے کے عادی تھے اور ان کے رویے دن بہ دن خراب ہوتے گئے، وہ نہ صرف تشدد کرتے بلکہ ان کی تضحیک بھی کرتے تھے جس کی وجہ سے انہوں نے اس رشتے کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
دانیہ کا کہنا تھا کہ طلاق کے بعد انہوں نے کچھ عرصے کے لیے دوبارہ شادی نہ کرنے کا سوچا تھا لیکن جلد ہی ان کی زندگی میں ایک اچھا شخص آیا جن سے ان کا دو سال تک تعلق رہا۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ان کی بیٹی نے دوسری شادی کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کی، دوسری شادی نہ صرف اپنی خوشی بلکہ بچوں کی بھلائی کے لیے بھی کی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی عمر اب 37 سال ہے اور وہ اپنی زندگی میں سکون اور خوشی محسوس کرتی ہیں کیونکہ ان کی ساس اور سسر بھی بہت اچھے ہیں جو انکی بہت رہنمائی بھی کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ کچھ دن قبل دنیا نیوز کے پروگرام "مذاق رات" میں دانیہ انور نے انکشاف کیا تھا کہ وہ مشہور فلمی اداکار ندیم بیگ کی بہو اور فرحان بیگ کی اہلیہ ہیں۔