ارجن کپور اور راکول پریت سنگھ کی فلم ’میرے ہسبینڈ کی بیوی‘ کا پوسٹر جاری

Published On 01 February,2025 10:51 am

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکار ارجن کپور اور اداکارہ راکول پریت سنگھ کی نئی فلم ’میرے ہسبینڈ کی بیوی‘ کا پوسٹر جاری کر دیا گیا۔

بالی ووڈ انڈسٹری کے معروف اداکار ارجن کپور، بھومی پیڈنیکر اور راکول پریت سنگھ کی نئی رومانوی کامیڈی فلم ’میرے ہسبینڈ کی بیوی‘ کے میکرز نے پہلا پوسٹر جاری کر دیا۔

پوسٹر میں ارجن کپور کو درمیان میں دکھایا گیا ہے جبکہ بھومی پیڈنیکر اور راکول پریت گھوڑے پر بیٹھی ہوئی ہیں اور ارجن کو اپنی جانب کھینچ رہی ہیں، اس دلچسپ پوسٹر نے فلم کے شائقین میں بے حد تجسس پیدا کر دیا ہے۔

ارجن کپور نے انسٹاگرام پر فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ کیپشن بھی لکھا، ’’کھینچو، اور کھینچو، شرافت کی یہی سزا تو ہوتی ہے، کلیش ہو یا تصادم، پستا تو مجھ جیسا عام آدمی ہے۔‘‘

اداکار نے مزید انکشاف کیا کہ فلم 21 فروری کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

واضح رہے کہ ارجن کپور کو آخری بار فلم ’سنگھم اگین‘ میں دیکھا گیا تھا جس میں انہوں نے ایک منفی کردار نبھایا تھا، راکول پریت سنگھ اپنی 2019 کی ہٹ فلم کے سیکوئل ’دے دے پیار دے 2‘ کی ریلیز کی منتظر ہیں جس کی ہدایت کاری انشول شرما نے کی ہے۔

دوسری جانب بھومی پیڈنیکر اپنی ویب سیریز کے آغاز کی تیاری میں مصروف ہیں جہاں وہ ایک پولیس اہلکار کے کردار میں نظر آئیں گی، فلم ’میرے ہسبینڈ کی بیوی‘ کی ریلیز کا انتظار اب شائقین بے صبری سے کر رہے ہیں۔