ممبئی: (ویب ڈیسک) مشہور تامل اور تیلگو فلموں کی اداکارہ ریجینا کیسندرا نے کہا ہے کہ پہلے ساؤتھ انڈین اداکاروں کو بالی ووڈ میں قبولیت نہیں ملتی تھی مگر اب بالی ووڈ کے پاس ان کے ٹیلنٹ کو تسلیم کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔
ریجینا نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے بالی ووڈ اور ساؤتھ فلم انڈسٹری کے درمیان واضح فرق تھا لیکن اب یہ حدیں ختم ہو رہی ہیں، بڑے بجٹ کی پین انڈیا فلموں جیسے "باہوبلی"، "RRR"، "KGF"، اور "کانتارا" نے نہ صرف عالمی سطح پر کامیابی حاصل کی بلکہ یَش، این ٹی آر جونیئر، پربھاس جیسے ساؤتھ اداکاروں کو بھی ہندی فلم انڈسٹری میں بڑا مقام دیا۔
ریجینا کے مطابق ساؤتھ انڈین فلموں کی زبردست کامیابی نے بالی ووڈ کے نظریے کو بدل کر رکھ دیا ہے، اب ہندی فلم میکرز ساؤتھ کے سٹارز کو اپنی فلموں میں کاسٹ کرنے میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں اور ناظرین بھی ان کے ٹیلنٹ کو پسند کر رہے ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ یہ بدلتا رجحان ساؤتھ اداکاروں کی صلاحیتوں اور ان کی ورسٹیلٹی کا ثبوت ہے، اب وہ صرف بالی ووڈ میں قبول نہیں کیے جا رہے بلکہ ان کی پرفارمنس کو بھرپور انداز میں سراہا بھی جا رہا ہے۔