معروف ہالی ووڈ اداکار وال کلمر 65 برس کی عمر میں چل بسے

Published On 02 April,2025 05:48 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) فلم ”بیٹ مین فار ایور“ میں بروس وین کا کردار ادا کرنے والے معروف ہالی ووڈ اداکار وال کِلمر یکم اپریل کو نمونیا کے باعث 65 سال کی عمر میں جہان فانی سے کوچ کر گئے۔

ان کی بیٹی مرسیڈیز نے ان کی موت کی تصدیق کی اور بتایا کہ وہ کِلمر کئی سالوں سے گلے کے کینسر سے لڑ رہے تھے۔

وال کِلمر کی ابتدائی فلموں میں کامیڈی فلمیں ”ٹاپ سیکریٹ“ (1984) اور ”ریئل جینئس“ (1985) شامل ہیں، جبکہ 1986 کی فلم ”ٹاپ گن“ میں ٹام کروز کے ساتھ لیفٹیننٹ ٹام ”آئس مین“ کازنسکی کا کردار ان کے کیریئر کا سنگ میل ثابت ہوا۔ اس کے بعد انہوں نے ”ویلو“ (1988) جیسی فینٹسی فلم میں بھی اداکاری کی۔

کِلمر کا اہم کردار ”دی ڈورز“ (1991) میں جِم موریسن کے طور پر سامنے آیا، جہاں انہوں نے ایک طاقتور اور یادگار انداز میں جِم موریسن کا کردار نبھایا۔

”لِزڈ کِنگ“ کے طور پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد، کِلمر نے ”ٹومب اسٹون“ (1993)، ”ٹرو رومانس“ (1993) اور ”ہیٹ“ (1995) جیسی فلموں میں معاون کردار ادا کیے۔

80 کی دہائی اور 90 کی دہائی میں اپنی شاندار پرفارمنس کے بعد، کِلمر 2022 میں ”ٹاپ گن: میورک“ میں دوبارہ اسکرین پر نظر آئے، حالانکہ کینسر کے باعث وہ اب بات نہیں کر سکتے تھے۔

لاس اینجلس میں پیدا ہونے والے کِلمر نے چیٹس ورتھ میں پرورش پائی اور ہالی ووڈ پروفیشنل اسکول اور جولیارڈ اسکول سے تعلیم حاصل کی، انہوں نے ”دی پرنس آف ایجپٹ“ جیسے انیمیٹڈ فلموں میں آواز بھی دی۔

کِلمر کی دیگر مشہور فلموں میں ”اِٹ: فرسٹ سائیٹ“، ”ریڈ پلینٹ“، ”پولاک“، ”دی سالٹن سی“، ”ونڈر لینڈ“ اور ”دی مسنگ“ شامل ہیں، انہوں نے ”کِس کِس بینگ بینگ“ اور ”ڈیجا وو“ جیسی فلموں میں بھی اداکاری کی۔

کِلمر کی 1996 میں طلاق ہوئی تھی اور وہ اپنی بیٹی مرسیڈیز اور بیٹے جیک کے ساتھ رہ رہے تھے۔