فیملی فوٹو نے ایشوریا اور ابھیشیک میں طلاق کی افواہوں کا خاتمہ کردیا

Published On 21 April,2025 07:05 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ایشوریا رائے بچن اور اداکار ابھیشیک بچن نے اپنی ازدواجی زندگی کے 18 سال مکمل ہونے پر سوشل میڈیا پر ایک خوشگوار فیملی فوٹو شیئر کر کے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا۔

اپنی شادی کی سالگرہ کے موقع پر ایشوریا نے انسٹاگرام پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ شوہر ابھیشیک اور بیٹی آرادھیا کے ہمراہ سفید لباس میں خوش و خرم نظر آ رہے ہیں۔

تصویر میں ابھیشیک کو اپنی فیملی کو پیار سے تھامے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ایشوریا رائے نے کیپشن میں صرف ایک سفید دل والا ایموجی شامل کیا ، جو سادگی کے باوجود ان کےگہرے جذبات کی خاموش عکاسی کرگیا۔

تصویر کے منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا۔ معروف شخصیات اور مداحوں نے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، ایک مداح نے دلچسپ تبصرہ کیا، ’ابھیشیک کے چشمے ایشوریا کی لپ اسٹک سے میچ کر رہے ہیں، پیار ہو گیا۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں بھارتی میڈیا میں اس جوڑے کی طلاق سے متعلق خبریں زیرِ گردش تھیں۔ تاہم، اس خوبصورت تصویر اور متعدد حالیہ تقریبات میں دونوں کی مشترکہ موجودگی نے ان تمام قیاس آرائیوں کو غلط ثابت کر دیا ہے۔