پہلگام حملے پر اداکار فواد خان کا ردِ عمل بھی سامنے آگیا

Published On 24 April,2025 12:41 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پہلگام حملے میں بھارتی شہریوں کی ہلاکت کے بعد پاکستانی سپرسٹار ‏فواد خان کا ردعمل ‏سامنے آگیا۔

حملے کے بعد فواد خان کی طویل عرصے بعد بھارتی اداکارہ کے ساتھ فلم  عبیر گلال  ‏پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔

‎عبیر گُلال ایک رومانوی کامیڈی فلم ہے، جس میں فواد خان کے ‏مقابل بالی ووڈ اداکارہ وانی کپور جلوہ گر ہیں، فلم کی ہدایت کاری آرتی ‏ایس باگڑی نے کی ہے۔

فلم عبیر گلال کو 9 مئی کو سنیما گھروں میں ریلیز ‏کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، مگر پہلگام حملے کے بعد سوشل میڈیا پر ‏فلم کی مخالفت میں شدید ردعمل سامنے آرہا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک صارف نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ‏‏ عبیر گُلال کو بھارت کے کسی بھی سنیما میں ریلیز نہیں ہونے دیا ‏جائے گا ۔

ایک اور صارف نے سوال اٹھایا کہ  کیا ہم اب بھی ایسی فلموں کو ‏بھارت میں بننے دیں گے جن میں پاکستانی اداکار کام کریں؟‎ ‎۔

انہی مطالبات کے دوران فواد خان کا پہلگام حملے پر ردعمل سامنے آیا ‏ہے، انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے حملے میں ہلاکتوں پر دکھ کا ‏اظہار کیا ہے۔

اپنی انسٹاگرام سٹوری میں فواد خان نے کہا کہ پہلگام ‏میں گھناؤنے حملے کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا، ہمارے خیالات اور ‏دعائیں اس ہولناک واقعے کے متاثرین کے ساتھ ہیں اور ہم اس مشکل ‏وقت میں ان کے اہل خانہ کے لیے طاقت اور شفا کی دعا کرتے ہیں۔

‏یہ پہلی بار نہیں ہے جب فواد خان کی کسی بھارتی فلم کو دہشت گرد ‏حملے کی وجہ سے مخالفت کا سامنا کرنا پڑا ہو،‏‎2016 میں اڑی حملے ‏کے بعد بھی فواد خان کی فلم  اے دل ہے مشکل  کو ریلیز سے قبل ‏شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اڑی حملہ 18 ستمبر2016 کو ہوا تھا جبکہ فلم 28 اکتوبر 2016 کو ریلیز ‏ہوئی، اس وقت بھی پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں کام کرنے پر ‏پابندی عائد کرنے کا مطالبہ زوروں پر تھا۔

بعض میڈیا ‏رپورٹس کے مطابق فواد خان کے کچھ سینز  اے دل ہے مشکل  سے ‏حذف کر دیئے گئے تھے اور وہ فلم کی تشہیری مہم کا بھی حصہ نہیں ‏بن سکے تھے۔

سال 2019 کے پلوامہ حملے کے بعد بھارت میں کام کرنے والے ‏پاکستانی فنکاروں پر باقاعدہ پابندی عائد کر دی گئی تھی۔