لیڈی گاگا کے کنسرٹ پر بم حملے کی سازش ناکام

Published On 05 May,2025 09:28 am

ریو ڈی جنیرو : (ویب ڈیسک) برازیل میں گلوکارہ لیڈی گاگا کے بڑے کنسرٹ پر بم حملے کی سازش بروقت ناکام بنا دی گئی جبکہ کنسرٹ میں 21 لاکھ افراد نے شرکت کی۔

برازیلی پولیس نے بتایا کہ اس سازش کی منصوبہ بندی ایک ایسے گروہ نے کی تھی جو نفرت انگیز تقریر کو فروغ دیتا ہے اور نوجوانوں کو انتہا پسندی کی طرف دھکیلتا ہے، یہ گروپ خود کو نقصان پہنچانے پر بھی یقین رکھتا ہے۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس سازش کے منصوبہ ساز نابالغ افراد سمیت شرکاء کو دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد اور آتش گیر بموں کے استعمال سمیت مربوط حملے کرنے کیلئے بھرتی کر رہے تھے۔

برازیلی وزارت انصاف نے واضح کیا کہ بھرتی کرنے والوں نے خود کو لیڈی گاگا کے عالمی مداحوں کے گروپ لٹل مونسٹرز کے ارکان کے طور پر متعارف کرایا تھا۔

یہ  کارروائی وزارت انصاف کی انٹرنیٹ آپریشنز لیبارٹری کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کی بنیاد پر کی گئی جس میں ایسے سائبر سیلز کا انکشاف ہوا جو خفیہ زبان اور انتہا پسندانہ علامتوں کا استعمال کرتے ہوئے نوجوانوں میں پرتشدد رویے کی حوصلہ افزائی کر رہا تھا۔

گروہ کے مبینہ سرغنہ کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اس کے ساتھی کو بچوں کی فحش نگاری رکھنے کے الزام پر پکڑا گیا ہے۔