اداکارہ سکینہ خان اپنی ناکام محبت کا ذکر کرتے جذباتی ہوگئیں

Published On 16 May,2025 11:55 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ سکینہ خان اپنی ناکام محبت پر بات کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں۔

سکینہ خان نے حال ہی میں دنیا نیوز کے مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ کیریئر کے آغاز میں ان کی حوصلہ شکنی کی گئی، انہیں بہت باتیں سنائی گئیں لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔

ان کا کہنا تھا کہ کیریئر کے آغاز میں جو لوگ ان کی حوصلہ شکنی کرتے تھے، اب وہ ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، ان کے خیالات بدل چکے ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ شروع میں جب وہ کسی شوٹنگ سیٹ پر جاتی تھیں تو سینئر اداکار انہیں کمرے سے نکال دیتے اور کہتے تھے کہ ابھی یہ نئی ہے اس لیے انہیں باہر کریں۔

سکینہ خان کا کہنا تھا کہ محنت کر کے مقام بنانے کے لیے انہوں نے متعدد ڈراموں میں چند مناظر میں ہی اداکاری کی جبکہ ایک ڈرامے میں تو انہوں نے صرف دو مناظر شوٹ کروائے۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے قریب رہنے والے شخص سے جدا ہونے کا اعتراف بھی کیا اور بتایا کہ حال ہی میں وہ ایسے شخص سے جدا ہوئی ہیں جن پر انہیں خود سے زیادہ یقین تھا۔

محبت کرنے والے شخص سے جدائی پر بات کرتے وقت بھی سکینہ خان جذباتی ہو گئیں اور بتایا کہ وہ آج بھی ان کے انتظار میں ہیں اور انہیں ایک امید ہے کہ وہ واپس ان کی دنیا میں آئیں گے۔

اداکارہ نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ محبت کرنے والے شخص نے انہیں چھوڑا یا انہوں نے خود اس شخص کو چھوڑا تاہم انہوں نے کہا کہ کسی نے بھی چھوڑا ہو لیکن دو دل الگ ہو گئے۔

محبت میں دل ٹوٹنے اور محبوب شخص سے جدا ہونے کی بات کرتے ہوئے سکینہ خان جذباتی ہوگئیں۔

پروگرام کے دوران جب میزبان نے ان سے پوچھا کہ وہ اتنی افسردہ کیوں ہیں؟ ان کے آنسو کیوں نکل رہے ہیں؟ تو اداکارہ نے بتایا کہ ان کی گاڑی چوری ہو گئی۔

سکینہ خان نے آبدیدہ ہوتے ہوئے بتایا کہ جب وہ پروگرام میں شرکت کے لیے کراچی سے لاہور آئیں تو پیچھے ان کی گاڑی چوری ہو گئی، انہوں نے محنت کر کے، پیسے جمع کر کے گاڑی خریدی تھی جو چوری ہو گئی ہے اس لیے وہ افسردہ ہیں اور ان کے آنسوں نکل آئے۔