آرٹس کونسل آف پاکستان میں ورلڈ کلچر فیسٹیول سے متعلق تقریب کا انعقاد

Published On 31 October,2025 02:19 am

کراچی: (دنیا نیوز) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ورلڈ کلچر فیسٹیول کے حوالے سے پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے ”ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025ء“ کا آغاز ہونے جا رہا ہے، اس حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے فیسٹیول کی تفصیلات اور تیاریوں سے آگاہ کیا۔

ورلڈ کلچر فیسیٹول اس لحاظ سے اہم ہے کہ اس میں 6 براعظموں سے 141 ممالک کے فنکار شرکت کریں گے جبکہ ایک ہزار سے زائد فنکار پرفارمنس دیں گے، اس موقع پر صدر آرٹس کونسل احمد شاہ کا کہنا تھا کہ آرٹس کونسل ایک بین الاقوامی ادارہ بن چکا ہے جہاں دنیا بھر سے فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

کمشز کراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ ہم نے کراچی شہر کا مثبت چہرہ دنیا کو دکھانا ہے، آنے والے مہمان پاکستان کا اچھا تاثر لے کر جائیں گے۔

کراچی میں ہونے والا یہ بین الاقوامی ثقافتی میلہ پاکستانیوں کو دنیا بھر کی ثقافتوں سے روشناس کروانے کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے جس میں تھیٹر پرفارمنس، پینٹنگز، موسیقی اور ڈانس پرفارمنس سمیت رنگا رنگ پروگراموں کو شامل کیا گیا۔