لاہور: (محمد اشفاق) لاہور کی مقامی عدالت میں یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ،اے ٹی ایم کارڈز کی سپرداری کی درخواست پر سماعت عدالت نے ڈکی بھائی کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے یوٹیوبر ڈکی بھائی کی درخواست پر سماعت کی، ملزم سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی نے اپنی چیزیں واپس لینے کے لیے استدعا کی۔
دوران سماعت این سی سی آئی اے نے سپرداری سے متعلق رپورٹ جمع کروا دی، وکیل این سی سی آئی اے نے بتایا کہ سپرداری سے متعلق تمام سامان این سی سی آئی اے کی تحویل میں ہے۔
عدالت نے ڈکی بھائی کے وکیل سے استفسار کرتے ہوئے پوچھا کہ اگر ڈکی بھائی کا اکاؤنٹ استعمال میں نہیں تو ویڈیو اپ لوڈ کیسے ہوئی، بیان حلفی میں واضح کریں کہ اکاؤنٹ کی کس حد تک رسائی آپ کے پاس ہے۔
بیان حلفی میں واضح کریں کہ اکاؤنٹ سے اپ لوڈ ہونے والی ویڈیو سے کوئی کمائی نہیں ہو رہی، سعد الرحمان سے کہیں وکیل سے مشاورت کے بعد بیان حلفی جمع کروائیں۔
عدالت نے سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کر دی، این سی سی آئی اے نے یوٹیوبر ڈکی بھائی سمیت دیگر کے خلاف چالان جمع کرا رکھا ہے۔



