ڈکی بھائی نے جیل سے آنے کے بعد پہلے وی لاگ سے کمائی بتادی

Published On 19 December,2025 12:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کے سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے یوٹیوبرز میں شامل سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔

چند ماہ قبل وہ ایئرپورٹ پر مبینہ طور پر جوا ایپس کی تشہیر کے الزام میں گرفتار ہوئے تھے، بعد ازاں نومبر کے اختتام پر انہیں ضمانت پر رہا کیا گیا تاہم اس معاملے پر مختلف دعوے اور قیاس آرائیاں سامنے آتی رہیں۔

ضمانت پر رہائی کے کچھ دن بعد سے ڈکی بھائی نے دوبارہ یوٹیوب پر واپسی کرلی ہے اور روزانہ وی لاگز اپ لوڈ کرنا شروع کر دیے ہیں تاہم ان کے پہلے وی لاگ پر ایک کروڑ 50 لاکھ سے زائد ویوز نے صارفین کو ہکا بکا کردیا۔ سوشل میڈیا پر دعوے کیے جانے لگے کہ ڈکی بھائی نے ایک ہی وی لاگ سے کروڑوں روپے کماکر اپنا نقصان پورا کرلیا۔

اپنے تازہ وی لاگ میں ڈکی بھائی کا کہنا تھا کہ اس وقت مجھے اپنے ہی یوٹیوب چینل تک مکمل رسائی حاصل نہیں، چینل پر صرف یہ نوٹی فکیشن آ رہا ہے کہ میں بطور ایڈیٹر شامل ہوں، مجھے نہ تو چینل کی آمدنی کی تفصیلات نظر آ رہی ہیں اور نہ ہی ویڈیوز اپلوڈ یا ڈیلیٹ کرنے کی اجازت ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ میں ریسٹورنٹ سے متعلق معاملات پر بھی فی الحال خاموش ہوں جبکہ میرے دوست تمام معاملات اور اخراجات سنبھال رہے ہیں۔

ڈکی بھائی کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین کی جانب سے ملا جلا ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔