ڈکی بھائی کے ضبط شدہ اکاؤنٹس و سامان کی سپرداری کی درخواست خارج

Published On 23 December,2025 03:27 pm

لاہور: (محمد اشفاق) ضلعی کچہری لاہور نے یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کے دورانِ حراست ضبط کیے گئے اکاؤنٹس اور سامان کی سپرداری سے متعلق کیس میں فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست خارج کر دی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے کیس کی سماعت کی، این سی سی آئی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یوٹیوبر سعد الرحمان اب تک آٹھ ویڈیوز اپلوڈ کر چکا ہے جبکہ یوٹیوب اکاؤنٹ تاحال مالِ مقدمہ ہے۔

وکیل کے مطابق جب اکاؤنٹ سرکاری تحویل میں ہے تو ویڈیوز کیسے اپلوڈ ہو رہی ہیں؟ خدشہ ہے کہ ملزم مقدمے کا باعث بننے والی ویڈیوز ڈیلیٹ یا ایڈیٹ کر سکتا ہے۔

این سی سی آئی اے وکیل نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ اگر اکاؤنٹ ملزم کے حوالے کیا گیا تو شواہد کے ضائع ہونے کا اندیشہ ہے۔

دوسری جانب سعد الرحمان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس حوالے سے بیانِ حلفی جمع کروایا جا چکا ہے اور کسی ویڈیو کو چھیڑا نہیں جائے گا، ویڈیوز سعد الرحمان نے خود اپلوڈ نہیں کیں بلکہ ان کے ایڈیٹر نے اپلوڈ کیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ایڈیٹر کون ہے؟ جس پر سعد الرحمان نے بتایا کہ ان کا ایک دوست حیدر آباد میں رہتا ہے، عدالت نے این سی سی آئی اے کے وکیل سے سوال کیا کہ کیا ادارے کو علم نہیں تھا کہ اکاؤنٹ کی رسائی کسی اور کے پاس بھی ہو سکتی ہے؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ بعض اکاؤنٹس کے مالکان ایڈیٹرز کو ایکسیس نہیں دیتے۔

بعدازاں عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سپرداری کی درخواست خارج کر دی۔