بہروز سبزواری کے شوبز میں 50 سال مکمل، نامور فنکاروں کا شاندار خراجِ تحسین

Published On 13 January,2026 09:10 am

کراچی: (ویب ڈیسک) اداکار بہروز سبزواری کے انڈسٹری میں 50 سال مکمل ہونے پر نامور فنکاروں، صحافیوں اور مختلف شخصیات نے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔

بہروز سبزواری کے اعزاز میں لائف سٹائل جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے تحت سی ویو پر واقع ریسٹورنٹ میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں شوبز ستاروں کی کہکشاں دیکھنے کو ملی، تقریب میں تھائی لینڈ، آسٹریلیا اور روس کے قونصل جنرلز نے بھی خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی معروف شخصیات جاوید شیخ، بشریٰ انصاری، سلیم شیخ، روبینہ اشرف، شبیر جان، نبیل ظفر، شہروز سبزواری، صدف کنول، شہزاد نواز، ڈاکٹر رافیہ رفیق، امجد شاہ، ایاز خان، ڈاکٹر سکندر مطرب، افضال اڈھیہ، سلیم جاوید اور ڈاکٹر فاروق ستار سمیت دیگر معزز مہمان شریک ہوئے۔

تقریب کے دوران بہروز سبزواری نے اپنے فنی سفر کے 50 سال مکمل ہونے کی خوشی میں کیک کاٹا، سینئر اداکار جاوید شیخ نے اس موقع پر کہا کہ بہروز سبزواری ایک سچے فنکار اور بہترین انسان ہیں جو ہمیشہ اپنے ساتھی فنکاروں کے دکھ سکھ میں کام آتے ہیں، اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا کہ بہروز سبزواری نے اپنے اخلاق اور فن سے سب کے دل جیت رکھے ہیں اور وہ ہر دل عزیز شخصیت ہیں۔

اداکارہ روبینہ اشرف نے بتایا کہ بیماری کے دوران بہروز سبزواری نے ذاتی طور پر وہیل چیئر پر انہیں ہسپتال پہنچایا جو ان کے خلوص اور انسانیت کا ثبوت ہے، فلم سٹار سلیم شیخ کا کہنا تھا کہ 50 برس تک فن کے میدان میں کام کرنا آسان نہیں، وہ بہروز سبزواری کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

اس موقع پر بہروز سبزواری نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ان کی زندگی کا یادگار دن ہے، وہ اپنے دوستوں اور لائف سٹائل جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے بے حد شکر گزار ہیں، ڈراموں اور فلموں میں بے شمار کردار ادا کیے تاہم ’قباچہ‘ کا کردار ان کی پہچان بن گیا۔

اداکار شبیر جان نے کہا کہ بہروز سبزواری کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس اور ستارۂ امتیاز جیسے اعزازات سے نوازا جا چکا ہے، جس طرح موسیقی میں مختلف گھرانے مشہور ہیں، اسی طرح پاکستان کی انٹرٹیمنٹ انڈسٹری میں بہروز سبزواری اور جاوید شیخ کا گھرانہ ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔

تقریب میں بہروز سبزواری کے 50 سالہ فنی سفر پر مبنی شوریل بھی پیش کی گئی جسے امجد شاہ نے تیار کیا تھا، محبت، احترام اور خلوص سے سجی یہ تقریب یادگار لمحات کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔