ابرارالحق کی خاتون صحافی سے بدتمیزی ، ویڈیو وائرل

ابرارالحق کی خاتون صحافی سے بدتمیزی ، ویڈیو وائرل

سوشل میڈیا پر ابرار الحق کی ایک اور ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ ایک خاتون صحافی سے ڈونیشن معاملے پر بحث کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں اور انھیں بار بار وائرل ویڈیو سے مشہور ہونے کا طعنہ دیتے رہے۔

سفینہ خان کا کہنا تھا کہ ہم تو آپ کے اس کنسرٹ میں موجود ہی نہیں تھے، ویڈیو وہاں موجود آپ کے لوگوں نے ہی وائرل کی، لیکن ابرار الحق کوئی بات سننے کو تیار ہی نہیں تھے۔

ابرار الحق نے سفینہ خان سمیت دیگر صحافیوں کو ن لیگ کا سپورٹر قرار دیتے ہوئے کہا ڈونیشن والے معاملے کی وضاحت بھی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنی جیب سے زمین خرید کر ہسپتال بنایا۔ اور لوگوں نے ڈونیشن دیا۔ دوران کنسرٹ جو ویڈیو وائرل ہوئی، وہ اس آدمی نے ہسپتال کے لیے ڈونیشن دیا تھا۔ اب میں اس وقت کسی بینک میں جاکر تو وہ پیسے جمع نہیں کروا سکتا تھا۔ اس لیے پیسے جیب میں ڈالے۔

ابرار الحق کی یہ ویڈیو مختلف کیپشنز کے ساتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی جارہی ہے، جس میں ابرار کے مداح ان کی حمایت کررہے ہیں جبکہ دیگر صارفین کی جانب سے اسے ’انا کا مسئلہ‘ کہہ کر تنقید کی جارہی ہے۔

واقعہ کے بعد سفینہ خان نے ایک اور ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں ابرار الحق اور صحافی کے درمیان ہونے والی غلط فہمی ختم ہونے کے بعد خوشگوار انداز میں بات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔