خلاصہ
- کراچی: (ویب ڈیسک) معروف اداکارہ غنا علی کا کہنا ہے کہ آج کل شریف مرد بہت کم رہ گئے ہیں اور اگر ہوں بھی تو کم ہی نظر آتے ہیں، اس لیے اچھا مرد مل جائے تو فوراً شادی کرلینی چاہیے۔
غنا علی نے حال ہی میں دنیا نیوز کے مزاحیہ پروگرام مذاق رات میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی اور شادی سے متعلق دلچسپ گفتگو کی۔
اداکارہ نے کہا کہ جو اچھے مرد ہوتے ہیں ان سے لڑکیوں کو فوری شادی کرلینی چاہیے کیونکہ زندگی کا سکون بہت مشکل سے میسر آتا ہے، آج کے دور میں مخلص اور شریف مرد کم ہی دکھائی دیتے ہیں۔
اپنی پہلی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے غنا علی نے بتایا کہ ان کی اپنے شوہر سے پہلی ملاقات شوٹنگ رینج پر ہوئی، وہ پستول چلانا سیکھ رہی تھیں مگر غلطی سے گولیاں چلا رہی تھیں، اسی دوران ان کے شوہر نے انہیں نوٹس کیا اور درست طریقہ سمجھایا جس کے بعد دونوں کے درمیان بات چیت کا آغاز ہوا۔
انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں فضول ہی گولیاں چلا رہی تھی اور وہ آنکھوں سے گولیاں چلا رہے تھے جس پر پروگرام میں قہقہے گونج اٹھے۔
اداکارہ کے مطابق ان کے شوہر نہایت شرمیلے ہیں، انہوں نے نمبر کے تبادلے کی درخواست کی تو غنا علی نے انہیں اپنا نمبر دے دیا، بعد ازاں وہ دفتر سے ویڈیو کال پر بات کرتے رہتے تھے، اداکارہ نے بتایا کہ چار ماہ کی محبت کے بعد ان کے شوہر نے شادی کے لیے باقاعدہ پروپوز کردیا تھا۔
غنا علی کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد ان کی زندگی میں خوشیاں اور سکون مزید بڑھ گیا ہے، وہ پہلے زیادہ تر تنہا رہتی تھیں کیونکہ والدین کام میں مصروف رہتے تھے، بہنیں تعلیم کے سلسلے میں باہر تھیں اور بھائی ٹینس کھیلنے چلے جاتے تھے تاہم اب شوہر کا ساتھ انہیں بے حد اچھا لگتا ہے۔