خلاصہ
- نیو یارک: (ویب ڈیسک) دنیا کے مشہور ترین اور سب سے زیادہ سبسکرائبرز رکھنے والے یوٹیوبر مسٹر بیسٹ (جمی ڈونلڈسن) نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی دائیں آنکھ سے تقریباً نابینا ہو چکے ہیں۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے مسٹر بیسٹ نے انکشاف کیا ہے کہ بہتر طور پر دیکھنے کے لیے مجھے آنکھیں سکیڑنی پڑتی ہیں، حتیٰ کہ کانٹیکٹ لینس لگانے کے باوجود بھی صاف دکھائی نہیں دیتا۔
یاد رہے کہ اپنی صحت سے متعلق صورتِ حال مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے مسٹر بیسٹ نے کھل کر بیماری کا نام نہیں لیا، دوسری جانب بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹروں اور ماہرین نے مسٹر بسیٹ کی جانب سے بتائی گئی علامات کو ایک نایاب جینیاتی مرض ’اسٹارگارڈٹ ڈیزیز‘ کا نام دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ بیماری عام طور پر بچپن یا نوجوانی میں شروع ہوتی ہے اور آنکھ کے اس حصے کو متاثر کرتی ہے جو صاف اور مرکزی نظر کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
یہ ایک موروثی بیماری ہے جس میں ABCA4 جین کی خرابی کے باعث آنکھ میں زہریلا مادہ جمع ہونے لگتا ہے جس سے آہستہ آہستہ مرکزی بینائی متاثر ہوتی ہے جبکہ اطراف کی نظر اکثر محفوظ رہتی ہے۔
سٹارگارڈٹ ڈیزیز کی ابتدائی علامات میں آنکھوں کے سامنے مستقل دھند یا سرمئی سائے کا آ جانا، روشنی سے اندھیرے میں جانے پر دیر سے نظر آنا، رنگوں کا مدھم نظر آنا، متاثرہ شخص کا چہرے یا تحریر دیکھتے وقت بار بار آنکھیں سکیڑنا شامل ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ علامات اکثر تھکن یا عام نظر کی کمزوری سمجھ کر نظر انداز کر دی جاتی ہیں جو خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔