خلاصہ
- لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہیں بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف شخصیات سارہ علی خان اور شرمیلا ٹیگور کے ساتھ خوشگوار ماحول میں دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں کبریٰ خان ایک میز پر شرمیلا ٹیگور اور سارہ علی خان کے ہمراہ موجود ہیں، ویڈیو کے منظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شرمیلا ٹیگور میز کے دوسری جانب بیٹھی ہوئی ہیں اور ایک پیالے سے چمچ کے ذریعے کچھ نکال کر محبت بھرے انداز میں کبریٰ خان کی جانب بڑھاتی ہیں، اداکارہ مسکراتے ہوئے شکریہ ادا کرتی ہیں اور پیش کی گئی چیز خوشی سے قبول کر لیتی ہیں۔
ویڈیو کے دوران سارہ علی خان بھی اس خوبصورت لمحے سے لطف اندوز ہوتی نظر آئیں اور انہوں نے تالیاں بجا کر اس دوستانہ ماحول کو سراہا، تینوں فنکار شخصیات کے درمیان خوشگوار کیمسٹری نے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ ملاقات کبریٰ خان کی سالگرہ کے موقع پر ہوئی، ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اسے بے حد پسند کیا جا رہا ہے، جبکہ دونوں ممالک کی فنکار شخصیات کو ایک ساتھ دیکھ کر مثبت ردِعمل کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب کبریٰ خان ان دنوں اپنے نئے پراجیکٹس میں مصروف ہیں، وہ مختلف ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔
مداحوں کا کہنا ہے کہ بھارتی اور پاکستانی فنکاروں کی ایسی خوشگوار ملاقاتیں فن اور ثقافت کے ذریعے مثبت روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔