ٹک ٹاکر شمسو قتل کیس کا ڈراپ سین، والد، بھائی سمیت 5 ملزمان گرفتار

ٹک ٹاکر شمسو قتل کیس کا ڈراپ سین، والد، بھائی سمیت 5 ملزمان گرفتار

ایس ایس پی آپریشنز طارق محبوب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے  بتایا کہ مقتولہ کے والد فضل، بھائی بشیر، چچا زاد بھائی احسان، والد کے چچا روزی خان اور چچا زاد بھائی کے بیٹے یاسین کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کو اس کے والد اور بھائی نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کروایا۔

ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا تھا سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پر کیس کی تفتیش کے لیے متعدد خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جو براہ راست لمحہ بہ لمحہ پیش رفت سے آگاہ کرتی رہیں، پولیس نے 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لینے کے علاوہ ہیومن انٹیلی جنس سمیت دیگر ذرائع سے بھی مدد لی۔

دوسری جانب پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مقتولہ کے والد اور بھائی کو بھی شاملِ تفتیش کیا جہاں ملزمان نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر عائشہ کو قتل کروانے کا انکشاف کیا، ملزمان نے قانون کو دھوکا دینے کے لیے واقعے کے بعد ڈھونگ رچانے کی بھی کوشش کی۔

حکام نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق قتل غیرت کے نام پر کیا گیا کہ مزید تفتیش کے دوران اہم انکشافات سامنے آنے کا امکان ہے، ٹیکسلا پولیس نے شواہد اور تفتیش کی روشنی میں پانچوں ملزمان کو گرفتار کیا ہے جب کہ کیس میں مزید کرداروں کا تعین بھی جاری ہے۔

دوسری جانب ایس ایس پی طارق محبوب نے مزید کہا کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان پیش کیا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی۔