خلاصہ
- ماسکو: (شاہد گھمن) روس کے دارالحکومت ماسکو میں 12 نومبر کو دوسرے بین الاقوامی یوریشین فلم ایوارڈز ’’ڈائمنڈ بٹر فلائی‘‘ کی تقریب منعقد ہوگی، جس کے لیے پاکستان کی دو فلموں ’’ویلکم ٹو پنجاب‘‘ اور ’’میرا لیاری‘‘ کو نامزد امیدواروں میں شامل کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی سطح پر منعقد ہونے والی اس فلمی تقریب کی خاص بات قیمتی ہیروں سے مزین ایوارڈز ہیں۔ گزشتہ سال بہترین فلم کے فاتح کو 10 قیراط کا ہیرا دیا گیا تھا، جس کی مالیت 10 لاکھ امریکی ڈالر بتائی گئی، جبکہ دیگر 11 کیٹیگریز کے فاتحین کو پانچ پانچ قیراط کے ہیرے دیے گئے تھے، جن میں سے ہر ایک کی مالیت ڈھائی لاکھ ڈالر تھی۔
یوریشین اکیڈمی آف سینماٹوگرافک آرٹس کے پریس آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق رواں سال پاکستان کی نمائندگی کرنے والی فلموں میں معروف پاکستانی ہدایت کار شہزاد رفیق کی ’’ویلکم ٹو پنجاب‘‘ (2025) اور ہدایت کار ابو علیحہ کی ’’میرا لیاری‘‘ (2026) شامل ہیں۔
دونوں فلموں کی بین الاقوامی ایوارڈز کے لیے نامزدگی پاکستانی فلمی صنعت کے لیے ایک اہم موقع ہے، جس سے پاکستان کے فلم سازوں کو عالمی سطح پر اپنی تخلیقی صلاحیتیں متعارف کرانے اور مختلف ممالک کی فلمی صنعتوں کے ساتھ روابط بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔
بین الاقوامی فلم ایوارڈز ’’ڈائمنڈ بٹر فلائی‘‘ کا آغاز روس کے معروف فلم ساز، اداکار اور ہدایت کار نکیتا میخالکوف کی تجویز پر کیا گیا تھا، اس منصوبے کا بنیادی مقصد مختلف ممالک کی قومی فلمی صنعتوں کی ترقی، بین الاقوامی ثقافتی تعلقات کے فروغ اور ایسی فلموں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو انسانی اقدار، معاشرتی موضوعات، تہذیبی روایات اور مختلف قوموں کے ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتی ہیں۔
یہ ایوارڈز یوریشین اکیڈمی آف سینماٹوگرافک آرٹس کے زیرِ اہتمام منعقد کیے جاتے ہیں، جس کی بنیاد روسی وزارتِ ثقافت اور رشین کلچرل فاؤنڈیشن نے رکھی تھی، رشین کلچرل فاؤنڈیشن ان ایوارڈز کی منتظم بھی ہے۔
اکیڈمی کا مقصد مختلف ممالک کے فلم سازوں، ہدایت کاروں، اداکاروں اور فلمی صنعت سے وابستہ شخصیات کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ پیشہ ورانہ تعاون، مشترکہ فلمی منصوبوں اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دیا جاسکے۔
ڈائمنڈ بٹر فلائی فلم ایوارڈز کی پہلی تقریب 27 نومبر 2025ء کو ماسکو میں نکیتا میخالکوف کے فلمی مرکز ’’ورکشاپ 12‘‘ میں منعقد ہوئی تھی، جس کی میزبانی معروف روسی اداکار سرگئی بیزروکوف نے کی تھی، اس تقریب میں دنیا کے 17 ممالک سے مجموعی طور پر 34 فلمیں 12 مختلف ایوارڈ کیٹیگریز کے لیے پیش کی گئی تھیں۔
پہلی تقریب میں بہترین فلم کا اعزاز چین کی فلم ’’اپ اسٹریم‘‘ (Upstream) نے حاصل کیا تھا، جس کے ہدایت کار شو ژینگ (Xu Zheng) تھے۔ بہترین فلم کے فاتح کو 10 قیراط کا قیمتی ہیرا دیا گیا، جس کی اعلان کردہ مالیت 10 لاکھ امریکی ڈالر تھی۔ دیگر 11 کیٹیگریز کے فاتحین کو پانچ قیراط کے ہیرے دیے گئے، جن کی انفرادی مالیت ڈھائی لاکھ ڈالر بتائی گئی۔ اس طرح گزشتہ سال مختلف کیٹیگریز میں دیے گئے ہیروں کی مجموعی اعلان کردہ مالیت 37 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر تھی۔ فاتحین کو ہیروں سے مزین خصوصی یادگاری مجسمے بھی پیش کیے گئے تھے۔
گزشتہ سال پاکستان کے لیے بھی یہ بین الاقوامی فلمی تقریب ایک یادگار موقع ثابت ہوئی تھی، جب معروف پاکستانی اداکارہ سونیا حسین نے پاکستانی فلم ’’دیمک‘‘ (Deemak) میں اپنی اداکاری پر بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ ایوارڈز کی سرکاری فہرست میں اس فلم کو پاکستان اور کینیڈا سے منسوب کیا گیا تھا۔
پاکستان نے گزشتہ سال پہلی ڈائمنڈ بٹر فلائی ایوارڈز تقریب میں دو فلموں ’’لو گرو‘‘ اور ’’دیمک‘‘ کے ذریعے شرکت کی تھی۔ سونیا حسین کی کامیابی نے پاکستانی فلمی صنعت کو بین الاقوامی سطح پر نمایاں کیا اور پاکستانی فنکاروں کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔
رواں سال پاکستان کی دو مزید فلموں کی نامزدگی کے ساتھ مسلسل دوسرے سال اس بین الاقوامی فلمی پلیٹ فارم پر پاکستانی سینما کی نمائندگی ہوگی۔ شہزاد رفیق پاکستانی فلمی صنعت کے تجربہ کار ہدایت کار ہیں، جبکہ ابو علیحہ بھی مختلف موضوعات پر فلم سازی کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔
ایوارڈز انتظامیہ کے مطابق رواں سال مختلف ممالک کی جانب سے ماہرین کی کونسل کے جائزے کے لیے پیش کی جانے والی فلموں کی مکمل فہرست بعد میں جاری کی جائے گی۔ اس لیے رواں سال شریک ممالک اور فلموں کی مجموعی تعداد ابھی واضح نہیں کی گئی۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ ڈائمنڈ بٹر فلائی فلم ایوارڈز کا مقصد صرف بہترین فلموں اور فنکاروں کی حوصلہ افزائی نہیں بلکہ مختلف ممالک کی قومی فلمی صنعتوں کے درمیان مستقل روابط قائم کرنا اور ثقافتی سفارت کاری کے ذریعے قوموں کو ایک دوسرے کے قریب لانا بھی ہے۔
ماسکو میں 12 نومبر کو ہونے والی دوسری بین الاقوامی یوریشین فلم ایوارڈز تقریب میں پاکستان کی دو فلموں کی نامزدگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان اور روس کے درمیان ثقافتی، تعلیمی اور عوامی روابط کو فروغ دینے کے لیے مختلف سطحوں پر سرگرمیاں جاری ہیں۔
پاکستانی فلموں کی اس بین الاقوامی تقریب میں نمائندگی دونوں ممالک کے درمیان فلمی اور ثقافتی تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے کے ساتھ پاکستانی سینما کو عالمی ناظرین تک پہنچانے کا اہم موقع فراہم کرسکتی ہے۔