ڈائمنڈ بٹر فلائی فلم ایوارڈز میں پاکستان کی شرکت پر خوشی ہے، ماریہ زخارووا

ڈائمنڈ بٹر فلائی فلم ایوارڈز میں پاکستان کی شرکت پر خوشی ہے، ماریہ زخارووا

ماسکو میں ڈائمنڈ بٹر فلائی فلم ایوارڈز کی تقریب کے ریڈ کارپٹ پر دنیا نیوز کے نمائندے شاہد گھمن نے ماریہ زخارووا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سوال کیا کہ اس بین الاقوامی فلم ایوارڈ میں پاکستان کی دو فلمیں ’’میرا لیاری‘‘ اور ’’ویلکم ٹو پنجاب‘‘ حصہ لے رہی ہیں، اس حوالے سے وہ کیا کہنا چاہیں گی؟

سوال کے جواب میں ماریہ زخارووا نے کہا کہ وہ آج خود بھی اس فلم ایوارڈ کی تقریب میں شریک ہیں، جہاں مختلف ممالک کو ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے اور اس میں پاکستان کی نمائندگی بھی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں ابھی معلوم نہیں کہ کون کامیاب ہوگا، اس لیے وہ نتائج کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتیں، تاہم انہیں خوشی ہے کہ اس تقریب میں مختلف ممالک کی بھرپور نمائندگی موجود ہے۔

ماریہ زخارووا نے کہا کہ اس ایوارڈ میں بہت سے ممالک کے فنکار، ہدایت کار اور اداکار شریک ہیں، ان میں بعض پہلے ہی شہرت حاصل کرچکے ہیں جبکہ کچھ فنکاروں کو اپنی صلاحیتیں دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع مل رہا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے پاکستانی نامزدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ پاکستان کے ایک نمائندے کو ایک کیٹیگری میں نامزد کیا گیا ہے۔ ممکن ہے دوسری کیٹیگریز میں بھی پاکستانی نامزدگیاں موجود ہوں، تاہم انہیں ان کی مزید تفصیلات دیکھنا ہوں گی۔

واضح رہے کہ ماسکو میں منعقدہ دوسرے بین الاقوامی یوریشیائی فلم ایوارڈز ’’ڈائمنڈ بٹر فلائی‘‘ میں پاکستان کی دو فلمیں ’’میرا لیاری‘‘ اور ’’ویلکم ٹو پنجاب‘‘ نامزد کی گئی تھیں۔