پی ایس ایل6 کے ملتوی میچز 11 مارچ سے شروع ہونگے، خبریں جعلی قرار

Published On 09 March,2021 07:01 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ملتوی ہونے والے میچز 11 مارچ سے شروع ہوں گے یہ خبریں جعلی ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک پر ایک پوسٹ 4 مارچ 2021ء کو شیئر کی گئی۔

فیس بک پر شیئر کی گئی پوسٹ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا لوگو لگا ہوا ہے جبکہ اس کے اوپر لکھا ہے کہ پی ایس ایل کے مداحوں کو مبارک ہو، پی ایس ایل 6 کے ملتوی ہونے والے میچز کا آغاز 11 مارچ سے ہو گا، یہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے آفیشل خبر ہے۔

اے ایف پی کے مطابق فیس بک پوسٹ پر کیپشن میں لکھا ہے کہ ’بڑی خبر‘۔

اس پوسٹ کو فیس بک کے ساتھ ساتھ ٹویٹر پر بھی سینکڑوں مرتبہ شیئر کیا جا رہا ہے، یہاں بتاتے چلیں کہ یہ دعویٰ بالکل بے بنیاد اور جھوٹا ہے۔

4 مارچ 2021ء کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سی ای او وسیم خان نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ملتوی ہونے والے میچز کب ہوں گے اب کچھ نہیں کہا جا سکتا، لیکن یہ میچز رواں سال کے آخر میں ہو سکتے ہیں۔ رواں سال کے آخر میں ملتوی ہونے والے میچز کرانے کے لیے ہم ’ونڈو‘ کی تلاش کر رہے ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق 9 مارچ تک پاکستانی میڈیا میں کوئی ایسی اطلاعات نہیں ملی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ملتوی ہونے والے پی ایس ایل کے میچز گیارہ مارچ کو کرائے گا۔ جبکہ کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق یہ میچز مئی میں ہو سکتے ہیں۔

Advertisement