لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر خبریں وائرل ہو رہی ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کو 24 لاکھ 41 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ ملے گی، یہاں بتاتے چلیں کہ یہ خبر جعلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر خبریں چل رہی ہیں جسے دیکھا جا سکتا ہے کہ اے میرے مزدورو، کلرکو، استادو، وزیراعظم عمران خان کی تنخواہ آٹھ لاکھ نہیں ہے،بجٹ دستاویزات کے مطابق ان کی تنخواہ 24 لاکھ 41ہزار روپے ماہانہ ہو گئی ہے(جو سابق دور میں غالباً دو لاکھ تھی) ۔
وائرل ہونے والی خبر میں لکھا ہے کہ قومی اخبارات کے مطابق وزیراعظم کے دفتر کے اخراجات بھی 18 کروڑ 40 لاکھ سے زائد کا اضافہ کیا گیا ہے۔
— Fake News Alert (@Pk_FactChecker) June 12, 2021
یہاں بتاتے چلیں کہ یہ خبریں جعلی ہیں کیونکہ وزیراعظم عمران خان کو 24 لاکھ 41 ہزار تنخواہ ماہانہ نہیں بلکہ سالانہ ملے گی۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو سالانہ 24 لاکھ 41 ہزار روپے تنخواہ ملے گی۔ اس کے لیے وفاقی بجٹ میں رقم مختص کر دی گئی۔
وفاقی بجٹ 2021-22 کی دستاویزات کے مطابق وزیر اعظم آفس اخراجات کے لیے 46 کروڑ 10لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ اس کے علاوہ صدر مملکت کے آفس ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات کے لیے 40 کروڑ پچاس لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔