اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ فیک نیوز کے سیلاب پر قابو پانے کیلئے قوم کی منطقی صلاحیتوں میں اضافے کی ضرورت ہے۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد میں یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اعلیٰ تعلیم کی شرح میں اضافے کی ضرورت ہے۔ ملکی ترقی کیلئےنوجوان گریجوایٹس اپنی ذمہ داری ادا کریں۔ ہمیں طلباء کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت دینا ہوگی۔ یونیورسٹی گریجوایٹس کی تعداد بڑھانے کیلئے آن لائن تعلیم فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ملکی ترقی، دنیا سے مقابلے کیلئے قوم کی ذہنی استعداد میں اضافہ ناگزیر ہے۔ پاکستان میں صرف 10 فیصد طلباء اعلیٰ تعلیم حاصل کر پاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں یونیورسٹی گریجوایٹس کی تعداد کم ہے۔ خواتین کو تعلیم کے شعبے میں مواقع دے کر ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ مختلف شعبہ جات میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کی ضرورت ہے۔
جعلی خبروں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فیک نیوز کے سیلاب پر قابو پانے کیلئے قوم کی منطقی صلاحیتوں میں اضافے کی ضرورت ہے۔