چین نے سی پیک سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کو جعلی قرار دیدیا

Published On 30 November,2021 08:13 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) چین نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کو جعلی قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق چین نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی تعمیر اور دونوں ممالک کے تعلقات کو دانستہ طور پر ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی جعلی خبریں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی جعلی خبروں کو مسترد کرتے ہیں جس میں پیشہ ورانہ اخلاقیات کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع گوادر میں مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرے کر رہے ہیں، اور گوادر کو حقوق دینے کی صدائیں بلند کر رہے ہیں۔ ان مظاہروں کے بعد سوشل میڈیا پر چین مخالف جعلی خبریں شیئر کی جا رہی ہیں۔

گزشتہ روز چینی وزارت خارجہ کی باقاعدہ بریفنگ کے دوران بھارتی صحافی نے سوال پوچھتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ گوادر بندرگاہ کے ساحل پر چینی ٹرالروں کو دیے گئے حد سے زیادہ ماہی گیری کے حقوق پر گوادر میں احتجاج ہوا تھا۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جواب دیا تھا کہ وہ اس مخصوص صورتحال سے آگاہ نہیں تھے جس کا ذکر بھارتی صحافی نے کیا تھا۔ تاہم چین کی جانب سے تصدیق کے بعد نام نہاد میڈیا رپورٹ جعلی خبر ثابت ہوئی۔

اے پی پی کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ گوادر میں چین کے خلاف کوئی احتجاج نہیں ہو رہا ، سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں جعلی ہیں۔ تصدیق کرتے ہوئے بتانا چاہتا ہوں کوئی چینی ٹرالر ایسا نہیں تھا جو ماہی گیری یا ڈاکنگ کے لیے گوادر پورٹ کے علاقے میں گیا ہو۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ گوادر پورٹ سی پیک کے ایک اہم منصوبے کے طور پر ترقی اور لوگوں کی روزی روٹی پر توجہ دے رہا ہے۔ متعلقہ تعاون کو آگے بڑھانے میں ہمیشہ باہمی احترام اور اتفاق رائے کے اصول پر عمل کیا ہے۔
 

Advertisement