لاہور:(دنیا نیوز) وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے سردیوں کی چھٹیوں میں اضافے کے بارے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کو جعلی قرار دے دیا۔
خیال رہےکہ وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے گزشتہ سال 17 دسمبر کو موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ چھٹیاں 23 دسمبر سے شروع ہوکر 6 جنوری تک جاری رہیں گی۔
اب وزیر تعلیم نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر چھٹیوں میں اضافے کے حوالے سے چلنے والی خبریں جعلی ہیں اور پنجاب میں نجی و سرکاری سکولوں کی تعطیلات 6 جنوری تک ہیں، 7 جنوری سے باقاعدہ تدریسی عمل کا آغاز ہوگا۔
واضح رہے کہ سردیوں کی چھٹیوں سے قبل دنیا بھر میں آئی ہوئی مہلک وبا کورونا وائرس نے بھی پاکستان میں کافی نقصان پہنچایا تھا جس کے باعث تعلیمی ادارے بھی متاثر ہوئے تھے،گزشتہ تقریباً دو سال کے دوران متعدد بار تعلیمی اداروں کو اس وجہ سے بند کیا گیا کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوجاتا تھا۔