ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے یمن کی سرحد کے قریب ایتھوپیا کے تارکین وطن کو ہلاک کرنے کے الزامات کی تردید کردی ہے۔
گذشتہ چند روز قبل امریکا میں قائم ہیومن رائٹس واچ گروپ نے ایک رپورٹ میں الزام عائد کیا تھا کہ سعودی عرب کے سرحدی محافظوں نے یمن سے مملکت کی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے سیکڑوں ایتھوپیائی تارکین وطن کو ہلاک کردیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس سرکاری ذریعے کا کہنا ہے کہ ’’یہ الزامات بالکل بے بنیاد، من گھڑت اور ناقابل اعتماد ذرائع پر مبنی ہیں‘‘۔
سرکاری ذریعے نے کچھ تنظیموں کی جانب سے مملکت کے بارے میں جھوٹے الزامات لگانے اور مشکوک ومذموم مقاصد واہداف کے لیے بار باربرپا کی جانے والی بدنیتی پر مبنی میڈیا مہموں کے تناظر میں سیاسی اور گمراہ کن رپورٹس کی اشاعت اور تشہیر کی مذمت کی ہے۔
سرکاری ذریعے نے بتایا کہ سعودی عرب نے اس سے قبل ان افراد کے گروپوں کو طبّی نگہداشت کی تھی اوران کی ہر طرح کی دیکھ بھال کی تھی جنھیں مسلح گروہوں نے یمن سے طاقت کے ذریعے مملکت میں داخل ہونے پرمجبور کیا تھا اور ان پر گولی چلا دی تھی۔