لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے ادارے کی بندش کے متعلق خدشات اور خبروں کو جعلی قرار دے دیا۔
پی آئی اے کے مالی حالات سے متعلق ادارے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، اعلامیہ کے مطابق پی آئی اےکی بندش کےمتعلق خدشات اورخبریں بےبنیاد ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی بندش کی 15 ستمبر کی تاریخ دینے سے پی آئی اے کی ساکھ بہت مجروح ہوئی، انتظامیہ فنڈز کے اجرا میں مصروف تھی اور تقاضے مکمل کرکے حاصل کرنےمیں کامیاب رہی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے انتہائی ضروری ملکی اوربین القوامی ادائیگیاں کر رہا ہے، ملازمین کوتنخواہوں کی ادائیگی بھی کردی گئی ہیں، آپریشن تسلسل سے جاری ہےاورپروازیں آپریٹ ہورہی ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کا دنیا بھر میں مضبوط نیٹ ورک موجود ہے، بین الاقوامی اوراندرون ملک پروازوں کیلئے مناسب تعداد میں طیارے موجود ہیں۔