لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان کے نام سے مشہور وسیم اکرم سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جعلی خبروں پر سیخ پا ہوگئے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے وسیم اکرم نے ایشیا کپ 2023 کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے حوالے سے گردش کرتی تمام بے بنیاد خبروں پر یقین نہ کرنے کی تجویز دی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ لوگوں کو سوشل میڈیا پر ہر چیز کو سچ نہیں سمجھنا چاہیے، اچھائی کی نسبت برائی پر یقین کرنا ہمیشہ آسان ہوتا ہے۔
— Wasim Akram (@wasimakramlive) September 19, 2023
وسیم اکرم نے مزید لکھا کہ ہمارے ہاں جعلی خبریں غیر ضروری تنازعات کو جنم دیتی ہیں جس سے نفرت پیدا ہوتی ہے اور ہمارے درمیان دراڑیں مزید بڑھ جاتی ہیں۔
سابق باؤلر نے کہا دونوں ممالک کو مزید ایسی چیزوں کی ضرورت نہیں ہے، بس اب بہت ہو گیا۔
وسیم اکرم نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کس خبر کے حوالے سے بات کررہے ہیں لیکن انہوں نے ’دونوں ممالک‘ کا تذکرہ ضرور کیا جس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ کھلاڑی پاک بھارت میچ یا دونوں ممالک کے درمیان پھیلائی جانے والی جعلی خبروں سے متعلق بات کر رہے ہیں۔