اسلام آباد:(دنیا نیوز) 4 اکتوبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران پولیس کانسٹیبل عبدالحمید شاہ شہید ہو گئے جس پر عمر ایوب نے پراپیگنڈا شروع کر دیا اور کہا کہ ان کو ہارٹ اٹیک ہو ا تھا جس کی تردید شہید کے بیٹوں نے بیان جاری کر تے ہوئے کر دی ۔
گزشتہ روز عمر ایوب نے ٹی وی پروگرام میں غلط بیان دیتے ہوئے کہا کہ شہید کانسٹیبل کی ڈیتھ بلڈ پریشر اورہارٹ اٹیک سے ہوئی، عمر ایوب نے اس ضمن میں شہید پولیس کانسٹیبل کے بیٹوں کے بیان کا حوالہ دیا، شہید پولیس کانسٹیبل کے بیٹوں نے عمر ایوب کے بیان کی تردید کرتے ہوئے ویڈیو جاری کر دی ہے ۔
شہید کے بیٹے نعمان عبد الحمید شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ میرے والد کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق ان کے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید زخموں کے نشانات پائے گئے، میں وزیراعظم پاکستان، آئی جی اسلام آباد اور آرمی چیف سے گزارش کرتا ہوں کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے اور ان کے قاتلوں کو سخت سزا دی جائے۔
شہید کانسٹیبل کے دوسرے بیٹے حماد حمید شاہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ میرے والد 4 اکتوبر 2024 کو پی ٹی آئی کے جلسے میں شہید کیے گئے، سی ٹی سکین رپورٹ کے مطابق میرے والد کے سر پر چوٹ اور سینے پر زخموں کے نشانات تھے، اپنے سیاسی مقاصد کے لیے سیاسی انتشار ،پر تشدد کاروائیاں اور جھوٹ اس جماعت کا وتیرہ ہے۔