پشاور: (دنیا نیوز) پارا چنار کیلئے روانہ کیے گئے قافلے پر فائرنگ کی خبر جھوٹی نکلی، ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ کا کہنا ہے کہ قافلے میں شامل کسی ٹرک پر فائرنگ نہیں ہوئی۔
ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ عباس مجید مروت نے پارا چنار کیلئے روانہ کیے گئے 120 گاڑیوں پر مشتمل قافلے پر فائرنگ کی خبر کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عرفانی کلی کے نزدیک ایک یا دو راؤنڈ فائر ہوئے ہیں مگر کسی ٹرک پر فائرنگ کی خبر بالکل جھوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بگن ٹالو، کنج مورچوں میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکار موجود تھے لیکن کچھ لوگ جان بوجھ کر اپنے ہی لیے خالات خراب کرتے ہیں۔
عباس مجید مروت کا کہنا تھا کہ پارا چنار سمیت ضلع کرم کے مختلف دیہات کے لیے اشیائے خورونوش کا 120 گاڑیوں کا کانوائے باحفاظت پہنچ گیا ہے۔
قبل ازیں ریجنل پولیس افسر عباس مجید مروت نے پاک آرمی کے افسران اور کمشنر کوہاٹ ڈویژن معتصم باللہ شاہ کے ہمراہ لوئر کرم کے علاقوں اوچھت کلے، مندوری اور بگن کا دورہ کیا اور وہاں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ بگن، اوچھت ، مندوری اور ملحقہ علاقوں سمیت ضلع کرم امن و امان قائم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور کرم امن معاہدے پر مکمل عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔