کرسٹیانو رونالڈو نے کلب ورلڈکپ میں شرکت کی تردید کر دی

Published On 08 June,2025 10:47 am

ریاض: (ویب ڈیسک) دنیائے فٹبال کے نامور کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے رواں ماہ ہونے والے کلب ورلڈ کپ میں شرکت کی تردید کردی۔

پرُتگال سے کھیلنے والے 40 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کا اس ماہ سعودی عرب کے کلب النصر سے معاہدہ ختم ہو جائے گا، النصر کلب ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا ہے۔

رونالڈو کی شمولیت سے النصر کلب کوئی بھی ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہا اور مایوس کن طور پر نہ تو فیفا کلب ورلڈ کپ اور نہ ہی ایشین چیمپئنز لیگ میں جگہ بنا سکا۔

فیفا کے صدر نے عندیہ دیا تھا کہ اگر النصر کلب ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکا تو رونالڈو کلب ورلڈ کپ میں کسی ایسی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں جو اس ایونٹ میں شرکت کر رہی ہو تاہم اب رونالڈو نے کلب ورلڈ کپ میں شرکت کی تردید کر دی ہے۔

رونالڈو کا کہنا ہے کہ وہ کلب ورلڈ کپ میں حصہ نہیں لے رہے، ان کو کئی کلب کی جانب سے کھیلنے کی پیشکش ہوئی ہے، کچھ کی آفرز اچھی بھی تھیں لیکن آپ ہر چیز نہیں کر سکتے۔

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر رونالڈو نے ایک پوسٹ بھی شیئر کی تھی جس میں لکھا تھا کہ دی چیپٹر از اوور، یہ پوسٹ انہوں نے مئی میں النصر کی جانب سےسیزن کا آخری میچ کھیلنے کے بعد کی۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ کلب کے مطابق وہ رونالڈ و کے ساتھ معاہدے کو توسیع دینے میں کامیاب ہو جائیں گے، رونالڈ و نے النصر کی جانب سے 111 میچوں میں شرکت کی اور 99 گول سکور کیے۔