ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی میڈیا کی خبروں کو جعلی قرار دے دیا

Published On 25 June,2025 08:56 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی میڈیا سی این این اور نیویارک ٹائمز کی خبروں کو جعلی قرار دے دیا۔

سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران میں نیوکلیئر سائٹس مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں، سی این این اور نیویارک ٹائمز دونوں مل کر تاریخ کے کامیاب ترین فوجی حملے کو ناکام قرار دینے کی کوشش میں شامل ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دونوں میڈیا اداروں کو عوام کی طرف سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی انٹیلی جنس نے اپنے ابتدائی تجزیے میں کہا ہے کہ ایران پر حملوں سے جوہری تنصیبات مکمل طور پر تباہ نہیں ہوئیں، امریکی حملوں سے بنیادی مواد تباہ بھی نہیں ہوا۔

امریکی خبر رساں اداروں نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ یہ بات ابتدائی امریکی انٹیلی جنس جائزے میں سامنے آئی ہے۔

انٹیلی جنس تجزیے میں بتایا گیا ہے کہ ایران کی تین جوہری تنصیبات پر حملوں سے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر تباہ نہیں کیا جاسکا لیکن اسے کچھ مہینوں کے لیے پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔