تہران: (دنیا نیوز) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیل کی جانب سے ایک اور ممکنہ حملے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر نئے حملے کے امکان کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکتا۔
روسی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران جنگ کا خیرمقدم نہیں کرتا، لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو ہم پوری طرح دفاع کے لیے تیار ہے، جنگ سے بچاؤ کا بہترین راستہ یہی ہے کہ اس کے لیے مکمل تیاری رکھی جائے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم ماضی کے جارحیت کے نقصانات کو بھر چکے ہیں، اگر وہ ماضی کا ناکام تجربہ دہرانا چاہتے ہیں تو انہیں کوئی بہتر نتیجہ حاصل نہیں ہوگا۔
دوسری جانب امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو یقین ہے کہ ایران بیلسٹک میزائل پروگرام تیار کر رہا ہے، رپورٹس میں بتایا گیا کہ اسرائیل ایران پر ممکنہ نئے حملے کے حوالے سے امریکا سے بات چیت کرنا چاہتا ہے۔
امریکی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو آئندہ ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران ایران پر حملے کے معاملے پر بات کر سکتے ہیں۔



