آئی فون ایئر کی پروڈکشن کم ہونے کی خبریں جعلی نکلیں

Published On 29 October,2025 05:00 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) آئی فون ایئر کی پروڈکشن کم ہونے سے متعلق گردش کرنے والی تمام خبریں جعلی نکلیں۔

حال ہی میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ آئی فون ایئر کی پروڈکشن کم ہو رہی ہے، متعدد رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ٹیکنالوجی کمپنی ایپل گزشتہ ماہ لانچ کیے جانے والے اپنے آئی فون ایئر کی پروڈکشن کم کر رہی ہے، بات صرف یہیں ختم نہیں ہوتی، بلکہ اس متعلق یہاں تک بھی دعویٰ کیا گیا کہ یہ فون تقریباً ’اینڈ آف پروڈکشن‘ موڈ میں داخل ہوچکا ہے۔

تاہم نئی رپورٹ نے تمام خبروں کی تردید کر دی ہے، 26 اکتوبر کو سرمایہ کاروں کو جاری ایک نوٹ میں کمپنی ٹی ڈی کاون نے یہ واضح کیا کہ ایپل 2025ء میں بنائے جانے والے آئی فون ایئر یونٹس کی تعداد کم نہیں کر رہا۔

ٹی ڈی کاون کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ماہِ اکتوبر کیلئے آئی فون ایئر کے حوالے سے پیشگوئیاں برقرار رہیں گی، آئی فون ایئر کیلئے سال 2025ء کے تیسرے سہ ماہی کے فورکاسٹ 30 لاکھ جبکہ چوتھے سہ ماہی کیلئے 70 لاکھ رہیں گے۔