دنیا بھر میں دماغی صحت کا بین الاقوامی دن 10 اکتوبر کو منایا جائے گا

Published On 04 October,2020 04:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں دماغی صحت کا بین الاقوامی دن 10 اکتوبر کو منایا جائے گا۔ عالمی ادارہ صحت اور ورلڈ فیڈریشن آف مینٹل ہیلتھ کے باہمی اشتراک سے یہ دن ہر سال 10 اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔

پہلی مرتبہ یہ دن 1992ء کو دنیا بھر میں منایا گیا تھا، جس کے بعد سے اب تک ہر سال عالمی سطح پر دماغی صحت کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس دن کے منانے کا بنیادی مقصد دماغی صحت اور ذہنی تناؤ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔

ہر سال اس دن کیلئے کوئی خصوصی موضوع منتخب کیا جاتا ہے۔ رواں سال 10اکتوبر کو منائے جانے والے دماغی صحت کے عالمی دن کا موضوع ”دماغی صحت سب کیلئے، زیادہ سرمایہ کاری ، زیادہ دستیابی “ منتخب کیا گیا ہے۔

اس دن کی مناسبت سے ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں ، قصبوں میں مختلف سرکاری و نجی اداورں اور تنظیموں کی جانب سے خصوصی پروگرام ، سیمنار سمیت دیگر تقریبات منعقد کی جائیں گی تاکہ دماغی صحت کے حوالے سے عوامی آگاہی کو فروغ دیا جا سکے۔
 

Advertisement