فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں محکمہ صحت حکام کی مجرمانہ غفلت کے باعث 200 سے زائد سرکاری موٹرسائیکلیں کھٹارہ ہو گئیں جبکہ کھلے آسمان کے نیچے کھڑی موٹرسائیکلوں کے قیمتی پرزہ جات بھی چوری کر لئے گئے۔
مال مفت دل بے رحم، محکمہ صحت نے ہیلتھ ورکرز کو گھر گھر جا کر ویکسی نیشن کے لئے 70 سی سی موٹرسائیکلیں فراہم کیں جبکہ 10 سال قبل دی گئی 100 سی سی موٹرسائیکلیں واپس لے لی گئیں جو حکام کی مجرمانہ غفلت کے باعث کھلے آسمان کے نیچے موسم کی تلخیوں کی نذر ہو گئیں۔
سرکاری موٹرسائیکلوں کے پرزہ جات چوری ہونے کے بعد یہ موٹرسائیکلیں کباڑ کا منظر پیش کررہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کو نیلام کر کے حاصل ہونے والا ریونیو دیگر ہیلتھ منصوبوں پر لگایا جائے۔
محکمہ صحت کی جانب سے پرانی موٹرسائیکلوں کو نیلام کرنے کی متعدد بار منصوبہ بندی بھی کی گئی تاہم حکام کی عدم دلچسپی کے باعث ان موٹر سائیکلوں پر توجہ ہی نہ دی گئی جس کے نتیجہ میں دفتر کباڑ خانہ کی صورت اختیار کر گیا۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر محکمہ صحت ڈاکٹر مشتاق سپراء کے مطابق اشتہار تیار کروا لیا گیا ہے جلد ہی نیلامی کر دی جائے گی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت معاملے پر ایکشن لے اور سرکاری مال کی تباہی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔