جنیوا: (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے اس بارے میں شدید تشویش کا اظہار کیا ہے کہ کم آمدنی والے ملکوں کو کورونا وائرس ویکسین حسبِ ضرورت فراہم نہیں کی جا رہی ۔
عالمی ادارۂ صحت کے انتظامی بورڈ کے اجلاس میں اُنہوں نے کہا کہ زیادہ آمدنی والے ملکوں میں ویکسین کی تقریباً تین کروڑ 90 لاکھ خوراکوں کے ٹیکے لگائے جا چکے ہیں جبکہ ایک غریب ملک میں محض 25 خوراکیں دی گئی ہیں۔
ٹیڈروس نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت اور دیگر کی جانب سے منصفانہ تقسیم کا ڈھانچہ تشکیل دیے جانے کے باوجود بعض ممالک اور کمپنیوں نے دوطرفہ سمجھوتوں کو ترجیح دینا جاری رکھا ہوا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات ویکسینوں کی قیمت بڑھا رہے ہیں۔ دنیا تباہ کن اخلاقی ناکامی کے دہانے پر ہے اور یہ کہ اس ناکامی کی قیمت دنیا کے غریب ترین ممالک میں زندگیوں اور ذریعہ معاش سے چکائی جائے گی۔