دبئی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ اور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ وہ کچھ دن قبل کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئی تھیں، تاہم وہ اب اس مرض سے صحتیاب ہو چکی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں ثانیہ مرزا نے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا تجربہ اپنے مداحوں کیساتھ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ان میں بظاہر وبائی مرض کی کوئی خاص علامات نہیں تھیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے خود کو سب سے علیحدہ کر لیا تھا۔
ثانیہ مرزا نے ٹویٹ میں اپنے احساسات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کیلئے سب سے مشکل اپنے بیٹے اور خاندان کے دیگر افراد سے دوری اختیار کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میرا وبائی مرض میں مبتلا ہونے کا تجربہ بہت خوفناک تھا۔ اگلے لمحے کی کیا توقع کی جا سکتی ہے جب مرض کی آئے روز نئی علامات سامنے آ رہی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے لئے اس تمام صورتحال سے نمٹنا انتہائی مشکل تھا۔ میں خوش قسمت ہوں جس نے اس مرض سے چھٹکارا حاصل کیا اور صحتمند زندگی کی طرف لوٹ آئی لیکن خاندان سے دوری بہت خوفناک تھی۔
A quick update .. #Allhamdulillah I am fine now .. pic.twitter.com/7s2pJM6ChX
— Sania Mirza (@MirzaSania) January 19, 2021
ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے عوام کو آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کوئی مذاق نہیں، میں نے اس سے بچنے کیلئے تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کیا لیکن پھر بھی اس سے نہ بچ جائی۔
ثانیہ مرزا نے اپنی پوسٹ میں اپنے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ کورون وائرس سے بچنے کیلئے ماسک پہنچیں، بار بار ہاتھ دھوئیں تاکہ خود کو اور اپنے اہلخانہ کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھ سکیں۔