ہماری ويکسين لگوا کر چين کی سیر بھی کریں: بیجنگ کی آفر

Published On 16 March,2021 05:03 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں حکام کی طرف سے آفر دی گئی ہے کہ ہمارے ملک کی تیار کردہ ویکسین لگوا اور اس کے بعد چین کی سیر بھی کریں۔

فراسنیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق چين نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے تناظر ميں عائد پابنديوں ميں نرمی کا فيصلہ کيا ہے۔ کئی غير ملکيوں کے ليے چين ميں سياحت کی راہ ہموار ہو سکتی ہے، شرط يہ کہ انہوں نے چين کی تيار کردہ کورونا ويکسين لگوا رکھی ہو۔

اس سال گرميوں کی چھٹيوں ميں اور کہيں ہو نہ ہو، چين کی سير ضرور ممکن دکھائی ديتی ہے۔ ليکن يہ ممکنہ سہولت پاکستان، بھارت اور امريکا کے صرف ان شہريوں کے ليے ہے، جنہوں نے چين کی تیار کردہ ويکسين لگوائی ہو۔

اے ايف پی کی بيجنگ سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق چينی حکومت نے پابنديوں ميں نرمی کرتے ہوئے چند مخصوص ممالک کے شہريوں کو ويزے جاری کرنے کا فيصلہ کيا ہے۔ چند ملکوں ميں چينی سفارت خانوں نے نوٹس بھی جاری کر ديے ہيں کہ مقامی سطح پر جن لوگوں نے چينی ويکسين لگوا لی ہے، وہ اگر چاہيں تو چين کے ويزوں کے ليے درخواستيں دے سکتے ہيں۔

نئے کورونا وائرس کے اوّلين کيسز 2019ء کے اواخر ميں چينی شہر ووہان ميں سامنے آئے تھے بعد ازاں کورونا کی وبا نے پوری دنيا کو اپنی لپيٹ ميں لے ليا اور کم و بيش تمام ممالک اور خطوں ميں سخت سفری پابندياں نافذ کر دی گئيں۔ اس وقت بھی کئی ملکوں ميں کورونا وائرس کی دوسری یا تيسری لہر جاری ہے۔

دوسری جانب متعدد ممالک ميں ويکسينیشن پروگرام بھی جاری ہيں اور قومی حکومتيں پابنديوں ميں نرمی کی منصوبہ بندی کيے بيٹھی ہيں۔

امريکا ميں چينی سفارت خانے نے تصديق کی کہ چينی ويکسين لگوانے والے ويزے کے ليے درخواستیں دے سکتے ہيں۔ ابتدائی طور پر يہ ويزے ملازمت، کاروباری مقاصد، انسانی ہمدردی يا پھر اہل خانہ سے ملاقاتوں کے ليے جاری کيے جائيں گے۔

اس نوٹس ميں واضح کيا گيا ہے کہ جو لوگ ويکسين کے دونوں ٹیکے لگوا چکے ہوں يا پھر ويزے کی درخواست سے چودہ دن قبل پہلا ٹيکہ لگوا چکے ہيں، وہ ويزے کے حصول کے اہل ہوں گے۔

اطلاعات ہيں کہ پاکستان، فلپائن، اٹلی اور سری لنکا ميں قائم چينی سفارت خانوں نے بھی اس سلسلے ميں نوٹس جاری کر ديے ہيں۔