کراچی: (دنیا نیوز) ماہرین کے مطابق رمضان المبارک میں تلی ہوئی اشیا، مرغن غذا اور بسیارخوری آپ کو بیمار کر سکتی ہے۔ کہتے ہیں افطار اور سحری میں ایسی غذا کا استعمال کریں جو بیماری سے دور رکھے۔
اگر کوئی اپنی صحت اور کھانے پینے کی روٹین سے پریشان ہے تو ایسے افراد کے لیے رمضان المبارک کی آمد ایک اچھا موقع ہے۔ رمضان میں روزے جہاں مذہبی لحاظ سے خاص اہمیت کے حامل ہیں وہیں ماہرین طب اسے اپنی صحت کو بہترکرنے کا ایک بہترین ذریعہ بھی قرار دیتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق رمضان المبارک میں تلی ہوئی مرغن، غیر صحت مند غذا اور بسیارخوری آپ کو مقدس ماہ میں بیمار کر سکتی ہے۔ ماہرین کہتے ہیں سحری میں 400 سے 600 کیلوریز جبکہ افطار میں دو کھجوریں اور لسی لیں، رات کا کھانا تراویح کے بعد کھایا جائے۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ روزے کی حالت میں اگر کسی شخص کی شوگر 70 سے کم یا تین سو سے زائد ہو جائے تو اسے روزہ توڑ لینا چاہیے، روزے کی حالت میں شوگر چیک کرنا اور انسولین لگوانا جائز ہے اور اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا جبکہ افطاری اور سحری کے درمیان پانی کا استعمال زیادہ کیا جائے۔