لندن: (ویب ڈیسک) ایک تحقیق سے پتا چلا کہ کورونا وائرس ویکسین کی ایک ہی خوراک سے وائرس منتقلی کا امکان تقریباً نصف ہو جاتا ہے۔
پبلک پیلتھ انگلینڈ کے مطابق ایسے لوگ جنہیں فائزر یا ایسٹرا زینیکا ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی تھی۔۔۔ اور جو ویکسین لگنے کے تین ہفتے بعد انفکشن سے متاثر ہوئے۔ ان میں 38 سے 49 فیصد سے وائرس منتقلی کا امکان کم تھا۔
برطانیہ کے سیکرٹری ہیلتھ میٹ ہین کاک نے اس مطالعے کے نتائج کو ’شاندار خبر‘ قرار دیا ہے۔
پبلک پیلتھ انگلینڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مطالعے میں کووڈ 19 کے خلاف تحفظ ویکسینیشن کے 14 دن بعد دیکھا گیا۔
پبلک پیلتھ انگلینڈ کی امیونائزیشن سربراہ ڈاکٹر میری رمزے نے کہا کہ نارمل زندگی کی جانب واپسی کے لیے ویکسین ہمیں مدد کر رہی ہیں۔ ویکسین نہ صرف بیماری کی شدت کو کم کرتی ہے اور ہر روز سینکڑوں اموات کو روکتی ہے بلکہ اب ہم دیکھ رہے ہیں کہ اس سے کووڈ 19 کے دوسروں میں منتقل ہونے کے امکان کو کم کرنے پر بھی اضافی اثر پڑتا ہے۔
تاہم انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ لوگ احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھیں۔