خیبر پختونخوا میں ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے 15 ارب کا منصوبہ

Published On 05 August,2021 08:46 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے حکومت نے منصوبہ بندی کر لی، دو سالوں کے دوران 15 ارب روپے کی لاگت سے 32 ڈی ایچ کیوز میں علاج معالجے کی جدید سہولیات کی فراہمی سمیت استعداد کار بڑھائی جائیگی۔

صوبہ بھر میں ڈی ایچ کیو اسپتالوں میں سہولیات کی کمی کو دور کرنے کے لیے حکومت نے اقدامات تیز کردیئے، ابتدائی طورپر 32 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کی استعدار کار بڑھائی جائیگی۔ صوبہ کے ڈی ایچ کیوز کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے سمیت علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کےلیے مجموعی طور پر 15 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، ہر ایک ہسپتال پر 50 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

ہسپتالوں کی حالت بہتر کرنے سمیت انہیں جدید سہولیات فراہم کرنے کے حکومتی اقدام کو شہریوں نے سراہا، شہری کہتے ہیں حکومت جلد از جلد منصوبے پر عملی اقدامات کا آغاز کرے۔ دورافتادہ علاقوں کے ہسپتالوں میں سہولیات کی کمی کے باعث وہاں کے مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے لیے مجبوراً دوسرے اضلاع کے بڑے ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں۔
 

Advertisement